
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س):۔
نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی دلیپ ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلے میں تاریخ رقم کرنے سے چوک گئے۔ سینٹرل زون کے خلاف ایسٹ زون کی جانب سے کھیلتے ہوئے سوریہ ونشی 81 گیندوں پر 92 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچری بنانے والے ہندوستان کے دوسرے سب سے کم عمر بلے باز بننے سے محض آٹھ رن دور رہ گئے۔
15 سال اور 157 دن کی عمر میں سوریہ ونشی کے پاس سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑنے کا شاندار موقع تھا۔ تندولکر نے 1988 میں رنجی ٹرافی کے ایک مقابلے میں 15 سال اور 230 دن کی عمر میں اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری بنائی تھی۔
تاہم ہندوستان میں سب سے کم عمر میں فرسٹ کلاس سنچری بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ اب بھی دھرو پانڈو کے نام ہے۔ انہوں نے 1988 میں محض 14 سال اور 293 دن کی عمر میں سنچری بنائی تھی۔
دلیپ ٹرافی میں نیا ریکارڈ قائم
سوریہ ونشی سنچری سے محروم رہ گئے، لیکن انہوں نے اپنی اننگز کے دوران ایک نیا ریکارڈ ضرور اپنے نام کرلیا۔ وہ دلیپ ٹرافی میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے۔
سوریہ ونشی نے 81 گیندوں کی اپنی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کی، لیکن 92 کے اسکور پر ہرش دوبے کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے گیند کو ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے باؤنڈری کے پار بھیجنے کی کوشش کی، لیکن وہاں تعینات فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔
سوریہ ونشی کے پاس اس اننگز کے ذریعے سچن تندولکر کے تقریباً 38 سال پرانے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع تھا، لیکن وہ سنچری سے آٹھ رن دور رہ گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ