
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س): ۔
حال ہی میں اختتام پذیر عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں ابتدائی دور میں ہی باہر ہونے کی مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہندوستان کے اسٹار شٹلر لکشیہ سین منگل سے شروع ہونے والے چائنا ماسٹرز سپر 750 میں شاندار واپسی کرنا چاہیں گے۔ تاہم عالمی نمبر 13 لکشیہ کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز ہی انتہائی مشکل چیلنج سے ہوگا، کیونکہ پہلے دور میں ان کا مقابلہ نو منتخب عالمی چیمپئن ایلیکس لینیر سے ہوگا۔
عالمی چیمپئن شپ میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود لکشیہ کی اس سال مجموعی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ انہوں نے آل انگلینڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ چار دیگر مقابلوں میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
شری کانت کے سامنے چینی تائپے کے چی یو رین
سابق عالمی نمبر ایک کدامبی شری کانت بھی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی چیلنج پیش کریں گے۔ حال ہی میں یو ایس اوپن سپر 300 میں رنر اپ رہنے والے شری کانت کا راو¿نڈ آف 32 میں مقابلہ چینی تائپے کے چی یو رین سے ہوگا۔
ساتوک-چراغ کا بھی ہوگا امتحان
مردوں کے ڈبلز میں چوتھی سیڈ یافتہ ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی پہلے دور میں چین کی ہو کے یوان اور لن شیانگ یی کی جوڑی سے مقابلہ کرے گی۔ چینی جوڑی نے رواں سیزن میں اورلینز ماسٹرز کا خطاب جیتا ہے۔
ساتوک اور چراغ نے اس سال سنگاپور اوپن کا خطاب اپنے نام کیا تھا، لیکن عالمی چیمپئن شپ میں وہ تیسرے دور سے آگے نہیں بڑھ سکے تھے۔ وہیں ہری ہرن امساکرونن اور ایم آر ارجن کا مقابلہ جاپان کی آٹھویں سیڈ اور 2021 کی عالمی چیمپئن جوڑی تاکورو ہوکی اور یوگو کوبایاشی سے ہوگا۔
خواتین کے سنگلز میں نوجوان کھلاڑیوں پر نظر
خواتین کے سنگلز میں ہندوستان کی نوجوان کھلاڑی انّتی ہڈا، تانوی شرما اور دیویکا چیلنج پیش کریں گی۔
جولائی کے آخر میں تائپے اوپن میں تیسرے مقام پر رہنے والی انّتی کا مقابلہ پانچویں سیڈ چین کی ہان یو سے ہوگا۔ تائپے اوپن کا خطاب جیتنے والی تانوی کا مقابلہ ڈنمارک کی امالی شولز سے ہوگا۔ دیویکا سیہاگ کا مقابلہ بلغاریہ کی کالویانا نالبانتووا سے ہوگا۔
21 سالہ دیویکا تھائی لینڈ ماسٹرز سپر 300 کا خطاب جیت کر چائنا ماسٹرز میں پہنچی ہیں اور ان کا اعتماد کافی بلند ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ