
جموں, 31 اگست (ہ س)۔ ضلع پونچھ کے سب ڈویژن سرنکوٹ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک مقامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت ابرار منہاس کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ابرار منہاس سرنکوٹ سے پونچھ کی جانب جا رہا تھا۔ اس دوران دھندک کے مقام پر وہ رفع حاجت کے لیے رکا، جہاں بجلی کی ترسیلی لائن پڑی ہوئی تھی۔ لائن کے ساتھ چھونے کے باعث اسے شدید بجلی کا جھٹکا لگا اور موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
ایس ایچ او سرنکوٹ ہلال اظہر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں مقدمہ درج کر کے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ڈاکٹر محمد یوسف نے بتایا کہ نوجوان کو مردہ حالت میں سب ضلع اسپتال سرنکوٹ لایا گیا، جہاں قانونی کارروائی اور دیگر لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاش آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی اور سڑک کی تعمیر سے وابستہ ایجنسی کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کے کنارے بڑی مقدار میں ملبہ جمع ہونے کے باعث بجلی کی ترسیلی لائن سڑک کے قریب آ گئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی ترسیلی لائنوں کو محفوظ بنایا جائے اور غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر