
جموں، 31 اگست (ہ س)۔
جموں کے بشنہ علاقے میں چائنیز پتنگ ڈور(مانجھا) کی زد میں آکر ایک سابق فوجی اہلکار کا گلا کٹنے سے موت ہوگئی۔ حکام کے مطابق نائیک صوبیدار (ریٹائرڈ) لکھویندر سنگھ اتوار کی شام دو پہیہ گاڑی پررنگ روڈ سے گزر رہے تھے کہ اچانک خطرناک ڈوران کے گلے میں پھنس گئی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ لکھویندر سنگھ آر ایس پورہ میں اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ وہ بڑی برہمنہ کے ایک صنعتی یونٹ میں نجی سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق چائنیز پتنگ ڈور کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہے، جبکہ ممنوعہ مانجھا فروخت کرنے والوں کے خلاف ماضی میں بھی کارروائی کی گئی ہے۔ تازہ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے ممنوعہ ڈور کی فروخت اور استعمال کے خلاف سخت کارروائی اور پابندی پر مؤثر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے ذمہ دار افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر