بوانا کے نجی اسکول میں نابالغ طالبہ کا جنسی استحصال، ملزم ملازم گرفتار
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س): ۔ دہلی پولیس نے بیرونی شمالی ضلع کے بوانا (پوٹھ خورد) واقع ایک نجی اسکول میں نابالغ طالبہ کے جنسی استحصال کے معاملے میں ایک ملزم اسکول ملازم کو گرفتار کیا ہے۔ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹ
بوانا کے نجی اسکول میں نابالغ طالبہ کا جنسی استحصال، ملزم ملازم گرفتار


نئی دہلی، 31 اگست (ہ س): ۔

دہلی پولیس نے بیرونی شمالی ضلع کے بوانا (پوٹھ خورد) واقع ایک نجی اسکول میں نابالغ طالبہ کے جنسی استحصال کے معاملے میں ایک ملزم اسکول ملازم کو گرفتار کیا ہے۔ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق 24 اگست کو بوانا تھانے کی پولیس کو واقعے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اہل خانہ اور شکایت کنندہ سے رابطہ کیا۔ ملزم کے خلاف بوانا تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کے خلاف پوکسو ایکٹ کی متعلقہ دفعات اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 74 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

متاثرہ طالبہ کا ضابطے کے مطابق طبی معائنہ کرایا گیا اور بچوں کے لیے سازگار ماحول میں چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (سی ڈبلیو سی) اور عدالت کے سامنے اس کے بیانات درج کرائے گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے الیکٹرانک شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج ضبط کرکے فارنسک جانچ کے لیے بھیج دی ہے۔ ملزم کے مجرمانہ پس منظر کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکول انتظامیہ اور متعلقہ عملے کو بھی تحقیقات کے دائرے میں شامل کرکے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ حفاظتی معیارات میں کوئی غفلت تو نہیں برتی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر عدالت میں چارج شیٹ داخل کی جائے گی۔

باہری شمالی ضلع پولیس نے اسکول انتظامیہ اور والدین سے بچوں کی حفاظت کے سلسلے میں اضافی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اسکولوں میں ڈرائیور، ہیلپر، گارڈ اور دیگر ملازمین کی تقرری صرف پولیس تصدیق کے بعد کی جائے۔ بچوں کو لانے لے جانے کے لیے بغیر تصدیق شدہ نجی یا غیر تجارتی گاڑیوں کا استعمال نہ کیا جائے۔ اس کے لیے پرمٹ والی رجسٹرڈ کمرشل گاڑیوں کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے فعال حالت میں رکھنے اور ان کی ریکارڈنگ کا بیک اپ محفوظ رکھنے کو بھی کہا گیا ہے۔ چھوٹے بچوں کی حفاظت کے لیے خواتین عملے کی تعیناتی یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ بچوں سے متعلق کسی بھی طرح کے بدسلوکی کے واقعے کی اطلاع فوری طور پر 112 یا چائلڈ ہیلپ لائن 1098 پر دی جائے۔ پوکسو ایکٹ کے تحت ایسے واقعے کی اطلاع نہ دینا بھی قابلِ سزا جرم ہے۔

پولیس نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور بچوں کے خلاف جرائم کے معاملات میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande