نیپال سے سیلابی پانی میں بہار پہنچیں نامعلوم مچھلیوں کے استعمال سے گریز کرنے کی عوام کو ہدایت
پٹنہ، 31 اگست(ہ س)۔بہار میں سیلاب کے ساتھ ایک نیا خطرہ سامنے آیا ہے۔ نیپال سے سیلابی پانی کے ساتھ بہار کے کچھ علاقوں میں نامعلوم اور غیر معمولی قسم کی مچھلیاں پہنچنے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ ان مچھلیوں کے استعمال سے کچھ لوگوں کے بیمار پڑنے کی بھی
نیپال سے سیلابی پانی میں بہار پہنچیں نامعلوم مچھلیوں کے استعمال سے گریز کرنے کی عوام کو ہدایت


پٹنہ، 31 اگست(ہ س)۔بہار میں سیلاب کے ساتھ ایک نیا خطرہ سامنے آیا ہے۔ نیپال سے سیلابی پانی کے ساتھ بہار کے کچھ علاقوں میں نامعلوم اور غیر معمولی قسم کی مچھلیاں پہنچنے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ ان مچھلیوں کے استعمال سے کچھ لوگوں کے بیمار پڑنے کی بھی خبر ہے۔ اس سلسلے میں عوامی مفاد کے پیش نظر ڈیری، ماہی و مویشی پروری وسائل محکمہ کے ماہی پروری شعبے نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری میں محکمہ نے بتایا ہے کہ سیلاب کے دوران تالابوں، دریاؤں، جھیلوں اور آبی ذخائر سے مچھلیاں نکل کر سیلابی پانی کے ساتھ دور دور تک پھیل جاتی ہیں۔ یہ مچھلیاں گندی نالیوں، مردہ جانوروں اور دیگر آلودگی کے مسلسل رابطے میں رہنے کے باعث بیکٹیریا، وائرس اور فنگس وغیرہ سے آلودہ ہو سکتی ہیں۔ ایسی مچھلیوں کا استعمال صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہ آ جائیں اور قدرتی طور پر گندگی اور بیماری پھیلانے والے عوامل ختم نہ ہو جائیں، تب تک سیلابی پانی سے پکڑی گئی مچھلیوں کا استعمال نہ کیا جائے۔محکمہ نے عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نامعلوم یا غیر معمولی نظر آنے والی مچھلیاں ہرگز نہ کھائیں۔ سیلابی پانی سے پکڑی گئی مچھلیوں کو بازار میں خریدنے، فروخت کرنے اور غذائی استعمال میں لانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ، شناخت اور متعلقہ محکمہ کی تصدیق کے بغیر کسی بھی نامعلوم مچھلی کو کھانے کے قابل نہ سمجھیں۔

ایسی مچھلی کھانے کے بعد قے، اسہال، پیٹ میں درد، چکر آنا یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی صحت مرکز یا اسپتال سے رابطہ کریں۔نامعلوم مچھلیاں نظر آنے کی صورت میں ضلعی ماہی پروری افسر یا مقامی انتظامیہ کو اطلاع دیں۔ محکمہ نے عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے اور اپنی حفاظت کے پیش نظر نامعلوم مچھلیوں کے استعمال سے مکمل طور پر گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande