
نئی دہلی، 30 اگست (ہ س)۔
مغربی دہلی کے ٹیگور گارڈن ایکسٹینشن علاقے میں کانگریس رہنما الکا لامبا کے والد کے گھر اتوار کے روز علی الصبح لاکھوں کی چوری ہوئی۔ نامعلوم بدمعاشوں نے دھاوا بولا اور وہ یہاں سے نقدی سمیت لاکھوں روپے مالیت کے سونے اور ہیرے کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق، کانگریس رہنما الکا لامبا کے والد امرناتھ لامبا دارالحکومت میں واقع ٹیگور گارڈن ایکسٹینشن علاقے میں رہتے ہیں۔ آج صبح تقریباً 6.00 سے 6.30 بجے کے درمیان کچھ نامعلوم بدمعاش ان کے گھر میں داخل ہوئے اور یہاں سے قیمتی سامان چرا کر فرار ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد امرناتھ لامبا کی بیٹی کنچن چھابڑا نے قریبی راجوری گارڈن تھانے میں شکایت درج کرائی۔ انہوں نے شکایت میں بتایا کہ بدمعاش ان کے گھر سے 1.75 لاکھ روپے نقد، سونے کی ایک بالی، ہیرے کی ایک بالی اور سونے کی ایک چین لے گئے ہیں۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
فی الحال، پولیس جائے واردات اور آس پاس کی گلیوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ فوٹیج کے ذریعے یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ بدمعاش کس راستے سے گھر کے اندر داخل ہوئے اور واردات میں کتنے لوگ شامل تھے۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے میں فارینسک شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کی شناخت کر کے انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن