
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔ ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی انڈیگو کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ولی والش نے پیر کے روز اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ ولی والش ایک پائلٹ اور ہوا بازی کی صنعت کے تجربہ کار رہنما ہیں، جنہوں نے حال ہی میں انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنی مدت مکمل کی ہے۔ انڈیگو نے 31 مارچ کو انہیں اپنا سی ای او مقرر کیا تھا۔
انڈیگو نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ولی والش نے کمپنی کی ترقی اور عالمی توسیع کے اگلے مرحلے کی قیادت کے لیے سی ای او کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ بطور سی ای او وہ کمپنی کے مجموعی انتظام اور اسٹریٹجک سمت کی قیادت کریں گے۔ ان کی خصوصی توجہ کمپنی کی عالمی توسیع کو تیز کرنے، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے، نیٹ ورک اور تجارتی حکمتِ عملی کو مضبوط کرنے اور صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے پر ہوگی۔
ولی والش نے کہا، گزشتہ دو دہائیوں میں انڈیگو نے ایک شاندار وراثت قائم کی ہے اور بہت کم وقت میں دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا، بھارت دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی فضائی منڈیوں میں شامل ہو رہا ہے، ایسے میں انڈیگو کے سامنے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ میرے لیے انڈیگو سے وابستہ ہونے کا اس سے بہتر اور موزوں وقت نہیں ہو سکتا۔
انڈیگو کے منیجنگ ڈائریکٹر راہل بھاٹیہ نے کہا کہ ہوا بازی کے شعبے میں ولی والش کا وسیع عالمی تجربہ اور ان کی آپریشنل و اسٹریٹجک مہارت کمپنی کی بین الاقوامی توسیعی حکمتِ عملی کو نئی رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنے بے باک انداز کے لیے مشہور ولی والش ماضی میں ایک پائلٹ بھی رہ چکے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ انڈیگو کے بیڑے میں 430 سے زائد طیارے شامل ہیں اور کمپنی روزانہ تقریباً 2,200 پروازیں چلاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد