مغربی بنگال: بردھمان دہشت گردی روابط معاملہ، ہاوڑہ سے ایک اور ملزم آدتیہ سنگھ گرفتار
کولکاتا، 3 اگست (ہ س)۔ مغربی بنگال پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے مبینہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے تعلقات کی تحقیقات کے سلسلے میں پیر کے روز ہاوڑہ سے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت آدتیہ سنگھ عرف راج کے طور پر ہوئی ہے
مغربی بنگال: بردھمان دہشت گردی روابط معاملہ، ہاوڑہ سے ایک اور ملزم آدتیہ سنگھ گرفتار


کولکاتا، 3 اگست (ہ س)۔

مغربی بنگال پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے مبینہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے تعلقات کی تحقیقات کے سلسلے میں پیر کے روز ہاوڑہ سے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت آدتیہ سنگھ عرف راج کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ ہاوڑہ کے بیلی لیئس روڈ کا رہائشی اور أمیش چندر کالج میں دوسرے سال کا طالب علم ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس ٹی ایف نے اتوار کی رات اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تھی۔ تفتیش کے بعد پیر کی صبح اسے باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ اسے پیر کو بردھمان کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ کارروائی بردھمان سے گرفتار حمیم منڈل سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے دوران کی گئی۔ تفتیشی ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ آدتیہ کے حمیم منڈل سے روابط تھے اور اس کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔

اس معاملے کی شروعات ریاستی محکمہ شہری ترقی کے وزیر مملکت اُمیش چندر کو پاکستان سے مبینہ طور پر موصول ہونے والی دھمکی آمیز فون کال کے بعد ہوئی تھی۔ الزام ہے کہ عابد جٹ نامی شخص نے پاکستان سے فون کرکے وزیر کے قتل اور ان کے بیٹے کے اغوا کی دھمکی دی تھی۔ اس نے وزیر اور ان کے خاندان کے بارے میں مکمل معلومات ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔ بعد ازاں اس معاملے کی تحقیقات ایس ٹی ایف کے سپرد کر دی گئی تھیں۔

تحقیقات کے دوران ایس ٹی ایف نے پہلے بردھمان سے حمیم منڈل کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اس کی خاتون دوست ارپیتا سرکار کو جھارکھنڈ سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی ایجنسیوں کا الزام ہے کہ دونوں کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے روابط تھے اور مغربی بنگال میں دہشت گردانہ سازش کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔

تحقیقات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ حمیم کچھ عرصہ نیو ٹاؤن میں مقیم رہا تھا اور اس نے وزیر اعلیٰ کی آمد و رفت کے راستوں کی ریکی کی تھی۔ اس پر سکیورٹی انتظامات سے متعلق حساس معلومات جمع کرنے کی کوشش کا بھی الزام ہے۔ ادھر ارپیتا سرکار پر مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے رہنماؤں، وزراء اور سینئر افسران سے حساس معلومات حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande