
گوہاٹی، 3 اگست (ہ س)۔ گوہاٹی شہر کے مضافاتی علاقے میں پیر کو ہوئی موسلادھار بارش کے بعد قومی شاہراہ 27 پر کافی پانی بھر گیا۔ اس کی وجہ سے اس راستے سے گزرنے والے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سب سے زیادہ پانی جوراباٹ علاقے میں واقع فلائی اوور کے نیچے جمع ہوا۔
بارش کا پانی قومی شاہراہ 27 پر تقریباً چار فٹ تک بھر گیا، جس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو اس راستے سے گزرنے میں کافی دشواری پیش آئی۔ بارش کے باعث قومی شاہراہ 27 اور 6 پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک بھی ٹھپ ہو گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میگھالیہ میں پہاڑوں کی غیر قانونی کٹائی کی وجہ سے اس علاقے میں آئے دن اس طرح کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ پہاڑوں کی کٹائی کے بعد نالے پوری طرح پہاڑ کی سرخ مٹی سے بھر گئے ہیں، جس کی وجہ سے بارش کا پانی پہاڑ سے براہ راست سڑک پر آ جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہلکی سی بارش کے بعد بھی سڑکوں پر پانی بھرنے کا مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے۔
مقامی لوگوں نے میگھالیہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جائے۔ بارش کی وجہ سے جوراباٹ فلائی اوور کے کنارے واقع دکانداروں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دکانوں کے سامنے سڑک پر کیچڑ جمع ہو جانے کی وجہ سے گاہک دکانوں تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں، جس سے دکانداروں کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد