
غازی آباد، 3 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے تھانہ صاحب آباد علاقے کے کرہیڑا موڑ پر پیر کی صبح تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آنے سے 11 سالہ طالب علم کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے کرہیڑا کٹ پر جام لگا کر احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، لوگوں کو سمجھا بجھا کر خاموش کیا اور ٹریفک بحال کرایا گیا۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر امت سکسینہ نے بتایا کہ کرہیڑا کے رہائشی خورشید کا بیٹا سلمان پانچویں جماعت کا طالب علم تھا۔ پیر کی صبح تقریباً آٹھ بجے وہ سائیکل پر سوار ہو کر اسکول جا رہا تھا۔ اسی دوران ٹیلا موڑ کے رہائشی مرسلین ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی لے کر لونی کی جانب سے کرہیڑا جا رہا تھا۔
کرہیڑا موڑ پر ٹریکٹر نے سلمان کی سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی سلمان سڑک پر گر پڑا اور ٹریکٹر کا پہیہ اس کے اوپر سے گزر گیا۔ حادثے کے بعد موقع پر جمع لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے زخمی سلمان کو فوری طور پر نریندر موہن اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ گاؤں والوں نے کرہیڑا کٹ پر جام لگا کر احتجاج کیا۔ پولیس افسران نے لوگوں کو سمجھا بجھا کر جام کھلوا دیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ڈرائیور مرسلین کو حراست میں لے لیا ہے۔ سلمان کے والد خورشید کی تحریر پر مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد