
جموں, 3 اگست (ہ س): ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کی ہارنی گلوٹہ–ٹوٹا گلی اور ہارنی–بی جی کو جوڑنے والی سڑکیں ابھی تک درست نہیں ہو پائی ہیں جس کے باعث تقریباً 30 ہزار کی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ سڑکوں کی مرمت کے لیے ٹینڈر جاری ہونے اور کابینہ وزیر جاوید احمد رانا کی جانب سے متعلقہ محکموں کو فوری مرمت کی ہدایات دیے جانے کے باوجود زمینی سطح پر اب تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث علاقے میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے، جبکہ طلبہ، مریضوں، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خراب رابطہ سڑکوں کی وجہ سے صحت، تعلیم، ہنگامی خدمات اور مقامی لوگوں کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
علاقہ کے مکینوں نے انتظامیہ کی جانب سے تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ وزیر جاوید احمد رانا، ڈپٹی کمشنر پونچھ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر، تحصیلدار مینڈھر ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی اور متعلقہ پی ایم جی ایس وائی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کرتے ہوئے سڑکوں کی فوری بحالی کو یقینی بنائیں۔
مقامی باشندوں نے کہا کہ ان اہم رابطہ سڑکوں کی جلد از جلد مرمت ناگزیر ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی بحال ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر