
مہاراشٹر حکومت دسمبر اجلاس میں پیش کرے گی لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ۔ زمین کے لین دین میں شفافیت کے لیے نیا قانون، پہلے پیمائش، پھر رجسٹری اور بعد ازاں ریکارڈ میں اندراج ہوگاممبئی ، 3 اگست (ہ س) مہاراشٹر کے وزیر محصولات چندر شیکھر باون کلے نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت زمین کے لین دین میں شفافیت لانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آئندہ دسمبر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے اجلاس میں نیا لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ پیش کرے گی۔ رتناگری میں چھترپتی شیواجی مہاراج مہسوا ابھیان سمادھان کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے باون کلے نے کہا کہ مجوزہ قانون کے تحت پہلے زمین کی مکمل پیمائش کی جائے گی، اس کے بعد رجسٹری ہوگی اور پھر سرکاری ریکارڈ میں اندراج اور ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ان کے مطابق اس نئے نظام سے زمین کی خرید و فروخت کا عمل زیادہ شفاف ہوگا اور جائیداد سے متعلق تنازعات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برس کے دوران ریاست کی تمام اراضی کا سرکاری سروے مکمل کیا جائے گا، تاکہ زمینوں کا درست اور جامع ریکارڈ تیار کیا جا سکے۔ وزیر محصولات نے بتایا کہ دیوستھان لینڈ انعام ایکٹ بھی جلد متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے مختلف خاندانوں، قابضین اور دیوستھان اداروں کے حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ چندر شیکھر باون کلے نے کہا کہ حکومت کا مقصد سماج کے آخری فرد تک سرکاری سہولتیں پہنچانا ہے۔ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے سرکاری خدمات ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں، یہی ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کونکن مہاراشٹر کا فخر ہے اور اس خطے کی ترقی کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں کوٹوالوں کو تحصیلدار بھرتی میں 20 فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق فیصلہ بھی جلد کیا جائے گا۔بعد ازاں وزیر محصولات نے سندھودرگ ضلع کے کنکاولی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک بار پھر لینڈ ٹائٹلنگ ایکٹ لانے کے حکومتی فیصلے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون زمین کے ریکارڈ کو مزید شفاف، منظم اور قابل اعتماد بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے