
ممبئی، 3 اگست ( ہ س)۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی دو ماہانہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی تین روزہ جائزہ میٹنگ پیر کے روز یہاں شروع ہو گئی۔ آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا کی صدارت میں ہونے والی یہ میٹنگ 5 اگست تک جاری رہے گی۔ میٹنگ کے فیصلوں کا اعلان سنجے ملہوترا 5 اگست کو صبح 10 بجے کریں گے۔
آر بی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انسائٹس، جائزے اور آئندہ کی راہ، جلد سامنے آئے گی۔ بینک نے کہا کہ 5 اگست کو صبح 10 بجے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے بیان کے لیے منتظر رہیں۔
ریزرو بینک نے موجودہ مالی سال میں ایم پی سی کی دوسری میٹنگ جون میں منعقد کی تھی، جس میں ریپو ریٹ کو 5.25 فیصد پر برقرار رکھا گیا تھا۔ تاہم 2027 کے لیے مہنگائی کی شرح کے تخمینے کو 4.6 فیصد سے بڑھا کر 5.1 فیصد کر دیا گیا تھا۔
معاشی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران اور مہنگائی کے خطرات کو دیکھتے ہوئے آر بی آئی اس مرتبہ بھی پالیسی ریٹ یعنی ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا اور اسے 5.25 فیصد پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2026-27 میں ایم پی سی کی مجموعی طور پر چھ میٹنگیں ہونی ہیں اور یہ اس کی تیسری میٹنگ ہے۔ پہلی میٹنگ اپریل میں ہوئی تھی۔ آر بی آئی نے معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ سال پالیسی سود کی شرح (ریپو ریٹ) میں 1.25 فیصد کی کمی کی تھی، جو فی الحال 5.25 فیصد پر برقرار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ