
بھونیشور، 3 اگست (ہ س) ۔
اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت کو خط لکھ کر شری جگن ناتھ دھام، پوری کی عالمی شہرت یافتہ رتھ یاترا کو یونیسکو کی غیر مادی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے مرکزی حکومت سے تعاون اور مداخلت کی درخواست کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں شری جگن ناتھ مندر انتظامیہ کی جانب سے یونیسکو میں نامزدگی کے لیے پیش کی گئی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رتھ یاترا کو غیر مادی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھگوان جگن ناتھ کی رتھ یاترا محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ ہندوستان کی شاندار ثقافتی تنوع، ہمہ گیری، روحانیت، دستکاری، موسیقی، رقص اور اجتماعی شرکت کی زندہ علامت ہے۔ صدیوں سے منعقد ہونے والا یہ عظیم تہوار دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مندوں اور سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے اور ہندوستان کے زندہ ثقافتی ورثے کی اہم ترین علامتوں میں شمار ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رتھ یاترا کو یونیسکو کی غیر مادی ثقافتی ورثہ فہرست میں شامل کیے جانے سے ہندوستان کی ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر نئی شناخت حاصل ہوگی، نیز اس تاریخی ورثے کے تحفظ اور آئندہ نسلوں تک اس کے فروغ میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ