
رانچی،3 اگست (ہ س)۔ جھارکھنڈ تحریک کے سرکردہ رہنما دشوم گرو شیبو سورین کی پہلی برسی 4 اگست کو رام گڑھ ضلع کے بارلنگا میں واقع لوکیاٹانڈ شہداءمیموریل کمپلیکس میں عقیدت کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین صبح 11 بجے خراج عقیدت کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ شہدا میموریل کمپلیکس میں نصب شیبو سورین کے 15 فٹ اونچے آدم قد مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے اور انہیں گلہائے عقیدت نذر کریں گے۔
اس تقریب کے دوران، وزیر اعلیٰ مختلف سرکاری اسکیموں کے مستفیدین کواثاثہ جات تقسیم کریں گے اور ریاست میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آن لائن سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح بھی کریں گے۔
ریاستی حکومت کے وزرا ، اراکین اسمبلی ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے ، کارکن، حامیوں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد اس تقریب میں شرکت کی توقع ہے۔ انتظامیہ نے تقریب کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
رانچی کلکٹریٹ میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا
دشوم گرو شیبو سورین کی پہلی برسی کے موقع پر 4 اگست کو رانچی کلکٹریٹ میں ایک خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ رانچی کے ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے کلیکٹریٹ میں واقع تمام دفاتر کے سربراہان، افسران اور تمام محکموں کے ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیں اور اپنے ماتحتوں کو اس نیک مقصد کے لیے ترغیب دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خون کا عطیہ کسی ضرورت مند کو زندگی دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اس انسانیت دوست مہم میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دشوم گرو شیبو سورین کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد