بھکتی سنگیت کے ذریعہ  ہندوستان اور فجی کے ثقافتی تعلقات کی منظر کشی
سووا (فجی)، 3 اگست (ہ س)۔ ہندوستان کے روحانی اور ثقافتی ورثے کے شاندار جشن کے طور پر فجی کے دارالحکومت سووا میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے ہندوستانی کونسل برائے ثقافتی تعلقات (آئی سی سی آر) کے اشتراک سے یونیورسٹی آف دی ساؤتھ پیسفک میں ’بھجن جیمِن
بھکتی سنگیت کے ذریعہ  ہندوستان اور فجی کے ثقافتی تعلقات کی منظر کشی


سووا (فجی)، 3 اگست (ہ س)۔ ہندوستان کے روحانی اور ثقافتی ورثے کے شاندار جشن کے طور پر فجی کے دارالحکومت سووا میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے ہندوستانی کونسل برائے ثقافتی تعلقات (آئی سی سی آر) کے اشتراک سے یونیورسٹی آف دی ساؤتھ پیسفک میں ’بھجن جیمِنگ 2026‘ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں گلوکاروں، موسیقاروں، طلبہ، ہندوستانی نژاد افراد اور مقامی برادری کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

اس تقریب نے ثقافتوں اور مختلف برادریوں کے درمیان ایک پل کے طور پر ہندوستانی بھکتی موسیقی کی لازوال کشش کو اجاگر کیا۔ مقامی فنکاروں اور سماجی گروہوں کی جانب سے پیش کیے گئے بھجنوں نے ہندوستان اور فجی کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کی عکاسی کی۔ ہندوستانی نژاد افراد نے فجی کی کثیرالثقافتی شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی ہائی کمشنر سونت مہتا نے کہا کہ بھکتی موسیقی زبان اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوتی ہے۔ یہ ثقافتی اقدار کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور فجی کے عوام کے درمیان باہمی تعلقات کو بھی فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرام مشترکہ روایات کے تحفظ اور باہمی سمجھ بوجھ کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس پروگرام کی ایک خاص بات یونیورسٹی آف دی ساؤتھ پیسفک کے طلبہ اور نوجوانوں کی پُرجوش شرکت تھی، جو ہندوستانی ثقافت، موسیقی اور روحانی روایات میں نئی نسل کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔ نوجوانوں کی شرکت نے تعلیمی اور فنّی تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی روابط کو نمایاں کیا۔

تقریب کے اختتام پر تمام فنکاروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اسناد پیش کی گئیں۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے شریک فنکاروں، رضاکاروں، یونیورسٹی آف دی ساؤتھ پیسفک اور کمیونٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پہلے ’بھجن جیمِنگ‘ پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا۔

یہ پروگرام بحرالکاہل کے خطے میں ہندوستان کی وسیع تر ثقافتی سفارت کاری کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت ہندوستانی ہائی کمیشن اور آئی سی سی آر باقاعدہ کمیونٹی پروگراموں کے ذریعے ہندوستانی فنون، موسیقی، یوگا، زبان اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande