
فرید آباد، 3 اگست (ہ س)۔ پیر کے روز سکرونا گاوں میں ایک نجی اسکول کی خاتون ٹیچر کو دن کی روشنی میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ پولیس چوکی سے چند میٹر کے فاصلے پر پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق خاتون کی شناخت سکرونا گاوں کے ایک نجی اسکول کی ٹیچر کے طورپرہوئی ہے۔پیر کی صبح وہ ہمیشہ کی طرح بچوں کو پڑھانے کے لیے اسکول پہنچی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ دیر بعد ایک نوجوان منہ پر کپڑا ڈال کر اسکول پہنچا اور ٹیچرسے ملنے کو کہا۔ اسکول کے عملے نے سندھیا کو اس کی اطلاع دی۔ جیسے ہی وہ نوجوان سے ملنے کے لیے اسکول کے مرکزی دروازے پر پہنچی، ملزم نے اچانک اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ ملزم نے اس کی گردن اور جسم کے دیگر حصوں پر متعدد وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی گر گئی۔ شور سن کر اسکول منیجر تیجپال اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزم چاقو لے کر ان کی طرف بھی بھاگا، جس کی وجہ سے لوگ پیچھے ہٹ گئے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔واقعے کے فورا بعدٹیچر کو بچانے کی کوششیں کی گئیں، لیکن تب تک ان کی موت ہو چکی تھی۔ دن کی روشنی میں اسکول کے احاطے کے باہر پیش آنے والے اس واقعے سے پورے گاوں اور آس پاس کے علاقے میں صدمے کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں گاوں والے اور والدین بھی موقع پر پہنچ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ چوکی کے انچارج منوج کمار نے خاتون کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس قتل کے محرک اور ملزم کی شناخت کا پتہ لگانے کے لیے تمام پہلووں سے تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی