
نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔
قومی دارالحکومت میں اوکھلا اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر اتوار کی رات ایک نوجوان اور لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ریلوے پولیس کی ابتدائی جانچ میں معاملہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ دونوں کی شناخت اتر پردیش کے ضلع بلندشہر کے رہائشیوں کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لوک نائک جئے پرکاش (ایل این جے پی) اسپتال کی مردہ خانے میں محفوظ رکھوا دیا ہے۔ اس معاملے میں بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 194(1) کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
دہلی ریلوے پولیس کے مطابق 2 اگست کی رات تقریباً 8:47 بجے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پولیس تھانے کو ریلوے میمو کے ذریعے اوکھلا اور نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے درمیان ٹرین حادثے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملنے پر ڈی ڈی نمبر 49 درج کیا گیا اور تفتیش کی ذمہ داری اے ایس آئی یوگیندر کمار کو سونپی گئی۔
اے ایس آئی یوگیندر کمار پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے تو ریلوے ٹریک پر لڑکے اور لڑکی کی لاشیں پڑی ہوئی ملیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے خاتون پولیس اہلکار کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جبکہ کرائم ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کیے۔
تحقیقات کے دوران نوجوان کی جیب سے آدھار کارڈ برآمد ہوا، جس کی بنیاد پر اس کی شناخت ساگر (23) کے طور پر ہوئی۔ بعد ازاں لڑکی کی شناخت شیوانی (20) کے طور پر کی گئی۔
ریلوے پولیس نے دونوں کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ایل این جے پی اسپتال کی مردہ خانے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
ریلوے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس بھرت ریڈی نے بتایا کہ اس معاملے میں بی این ایس ایس کی دفعہ 194(1) کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس تمام پہلوو¿ں سے تحقیقات کر رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ