
جلگاؤں، 3 اگست(ہ س)۔ جلگاؤں سٹی پولیس نے چوری کی ایک واردات کا چند ہی دنوں میں پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 10 ہزار روپے نقد بھی برآمد کر لیے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کانت دھورے کی ہدایت پر ضلع میں چوری کے مقدمات کی فوری تفتیش کے لیے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ گاویت اورسب ڈویژنل پولیس افسر نتین گناپورے کی نگرانی میں خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جلگاؤں سٹی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ساگر شِمپی کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے تحقیقات شروع کیں۔پولیس کے مطابق 30 جولائی 2026 کو دوپہر کے وقت پرکاش میڈیکل چوک اور مہاتما پھلے مارکیٹ کے درمیان واقع ٹپ ٹاپ ویئر نامی دکان کے سامنے شکایت کنندہ جاوید خان رسول خان، ساکن معصوم واڑی، جلگاؤں کی پتلون کی جیب سے نامعلوم ملزمان 10 ہزار روپے نقد چرا کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد جلگاؤں سٹی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔تحقیقات کے دوران خفیہ اطلاع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے ارشد شیخ رزاق عرف چِکو شاہ رخ (32)، فاروق شیخ حنیف (28) اور شاکر شیخ شکیل عرف گھاریا راجو (30)، تینوں ساکنان گیندالال مل علاقہ، جلگاؤں کو حراست میں لیا۔انسپکٹر ساگر شِمپی کی موجودگی میں پوچھ گچھ کے دوران تینوں ملزمان نے چوری کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد انہیں باضابطہ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چوری شدہ 10 ہزار روپے نقد بھی برآمد کر لیے ہیں۔ مقدمے کی مزید تفتیش جلگاؤں سٹی پولیس کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے