

بھٹنڈہ، 3 اگست (ہ س)۔ ضلع کے گونیا نامنڈی میں پیر کے روز منعقد ہ کانگریس کے ”ہر بوتھ، کانگریس مضبوط“پروگرام کے دوران پارٹی کی اندرونی کشمکش کھل کر سامنے آگئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی پنجاب کے انچارج بھوپیش بگھیل اور پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ کی موجودگی میں پارٹی کے کچھ کارکنوں نے پروگرام کا بائیکاٹ کیا اور سابق وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی کی حمایت میں نعرے لگائے۔
جیسے ہی راجہ وڈنگ نے خطاب شروع کیا تو اسٹیج کے قریب بیٹھے چند نوجوان چنی کی حمایت میں نعرے لگانے لگے۔ وڈنگ نے انہیں نعرے بازی جاری رکھنے کو کہا اور ایک نوجوان کو اسٹیج پر بلا لیا۔ ا نہوں نے نوجوان سے سامعین کے سامنے چنی کو فون لگانے کو کہا، لیکن کال کا جواب نہیں ملا۔ وڈنگ نے پھر نوجوان کو اپنا فون نمبر دینے کی پیشکش کی۔
وڈنگ نے الزام لگایا کہ نعرے لگانے والے چنی کی حمایت کرنے نہیں بلکہ تقریب میں خلل ڈالنے کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے غداری اور سودے بازی کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے وزیر اعلی بھگونت مان پر کانگریس کے پروگراموں میں لوگوں کو بھیج کر ماحول خراب کرنے کا بھی الزام لگایا۔ تقریب کے بعد بھی کچھ کارکن پنڈال کے باہر نعرے لگاتے رہے۔ سابق وزیر اور رام پورہ پھول سے ایم ایل اے رہے گرپریت کنگر نے اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد