
جموں, 03 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی کو پہلی مرتبہ بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں زخمی جسپریت بمراہ کی جگہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بائیں گھٹنے میں لگی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ عاقب نبی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عاقب نبی نے گزشتہ دو رانجی ٹرافی سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 104 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 2025تا2026 کے سیزن میں 60 وکٹیں شامل ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کو پہلی مرتبہ رانجی ٹرافی کا خطاب دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔عاقب نبی حال ہی میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے دو فرسٹ کلاس میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں پہلی بار جگہ ملنے پر جموں و کشمیر کے کرکٹ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے ریاست کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر