
جے پور، 3 اگست (ہ س)۔ راجستھان کے چورو ضلع کے سوجان گڑھ تھانہ علاقے میں واقع بوباسر پل پر پیر کے روز پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین خواتین کی موت ہو گئی، جبکہ 13 عقیدت مند زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سالاسر بالاجی کے درشن کے بعد پشکر جا رہے عقیدت مندوں سے بھری ایک ٹیمپو ٹریولر سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ مرنے والے اور زخمی تمام افراد مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے ایک ہی خاندان کے افراد بتائے جا رہے ہیں۔
ڈی وائی ایس پی درجارام کے مطابق کولکاتا کے رہنے والے ایک ہی خاندان کے 17 افراد کرائے کی ٹیمپو ٹریولر سے راجستھان کے اہم مذہبی مقامات کی یاترا پر آئے تھے۔ سالاسر بالاجی مندر میں درشن کرنے کے بعد سبھی پشکر دھام کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران سوجان گڑھ کے قریب بوباسر پل پر ان کی ٹیمپو ٹریولر سامنے سے آ رہے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹیمپو ٹریولر کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم اوم پرکاش ورما اور ڈی وائی ایس پی درجارام پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس اور مقامی افراد نے سخت محنت کے بعد گاڑی میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو باہر نکالا۔
تمام 13 زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سرکاری بگڑیا اسپتال، سوجان گڑھ پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی تینوں خواتین کولکاتا کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے اور اہل خانہ کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک متاثر رہا، تاہم تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹانے کے بعد آمد و رفت بحال کر دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد