
403 کروڑ روپے کے لین دین کا انکشاف، 500 سے زائد یو ایس ڈی ٹی اکاونٹس پولیس کے نشانے پر: مفرور ملزمان کی تلاش جاری
جھانسی، 29 اگست (ہ س)۔
اترپردیش کے ضلع جھانسی میں ایس ایس پی وکاس کمار کی ہدایت پر جھانسی پولیس نے آن لائن گیمنگ کے ذریعے سائبر دھوکہ دہی کرنے والے ایک بڑے منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے۔ پریم نگر تھانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے چھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس تفتیش میں ملزمان سے وابستہ 500 سے زائد یو ایس ڈی ٹی اکاونٹس میں تقریباً 403 کروڑ روپے کے لین دین کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے پانچ سے زائد مشتبہ یو ایس ڈی ٹی اکاونٹس کو منجمد (سیز) کرا دیا ہے۔ گینگ کے تین دیگر ارکان کی تلاش میں پولیس ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس نے یہ انکشاف جمعہ کے روز کیا۔
آئی پی ایس اریبہ نعمان نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ گینگ کے ارکان بینک سے قرض دلانے کے نام پر سیدھے سادھے لوگوں کے بینک کھاتے کھلواتے یا انہیں اپنے قبضے میں لے لیتے تھے۔ اس کے بعد ان کھاتوں کا استعمال آن لائن گیمنگ کے ذریعے کی گئی سائبر دھوکہ دہی کی رقم کو منتقل کرنے کے لیے کیا جاتا تھا۔ اس طرح بینک کھاتہ داروں کو لالچ دے کر ان کے کھاتوں کو سائبر کرائم کے نیٹ ورک میں شامل کیا جاتا تھا۔
اس سلسلے میں موصول ہونے والی 325 سے زائد شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایس ایس پی وکاس کمار نے پریم نگر پولیس کو منظم گینگ کی چھان بین کر کے کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس ٹیم نے جب تفتیش آگے بڑھائی تو سائبر دھوکہ دہی کے نیٹ ورک سے منسلک کئی بینک کھاتوں اور یو ایس ڈی ٹی اکاونٹس کی معلومات سامنے آئیں۔ لین دین کی رقم دیکھ کر پولیس بھی دنگ رہ گئی۔
پولیس نے عیسائی ٹولہ پریم نگر کے ساکن دیپک ورما عرف ستیم، جھانسی ہومز کے سامنے مہادیو ٹائلز کے ساکن عدنان حسین اور عادل حسین، کرشنا نگر کالونی پریم نگر کے ساکن جان پال، سمیر نگر کے ساکن ابھیشیک چودھری اور لہر گرد کے ساکن ارچت اگروال کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے سات قیمتی موبائل فون اور ایک ڈائری برآمد ہوئی ہے۔ ڈائری میں مبینہ طور پر لین دین کا تفصیلی حساب کتاب درج تھا۔
پولیس کے مطابق گینگ کے مفرور ارکان ارمان، عرش شیخ اور محمد فیض، سبھی ساکن گاڑیا پھاٹک، پریم نگر کی تلاش جاری ہے۔ معاملے کا انکشاف آئی پی ایس اریبہ نعمان نے کیا۔ پولیس اب گینگ کے نیٹ ورک، بینک کھاتوں اور کروڑوں روپے کے ڈیجیٹل لین دین سے وابستہ دیگر افراد کی بھی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن