
دی پیراڈائز کے اسپیشل گانے میں نانی کے ساتھ کیرتی سریش نظر آئیں گی
نیچرل اسٹارنانی کی فلم ’دی پیراڈائز‘ ان دنوں مسلسل سرخیوں میں ہے۔ شری کانت اوڈیلا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم کے پہلے گانے ’آیا شیر‘ کو شائقین کا زبردست ردِ عمل ملا ہے۔ اب فلم کا دوسرا اور اسپیشل گانا ریلیز کے لیے تیار ہے، جس میں اداکارہ کیرتی سریش نانی کے ساتھ نظر آئیں گی۔ اس گانے کو انیرودھ روی چندرنے کمپوزکیا ہے، جبکہ اس کے بول قومی ایوارڈ یافتہ کسرلا شیام نے لکھے ہیں۔
کیرتی سریش نے سوشل میڈیا پر گانے کے سیٹ سے نانی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر میں وہ نانی کی پونی ٹیل پکڑے نظر آ رہی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے دلچسپ کیپشن لکھا، ’’جب تم اس کے بالوں کو چھوتے ہو، تو وہ آگ بگولہ ہو جاتا ہے۔‘‘ اداکارہ کی اس پوسٹ نے مداحوں کے تجسس کو مزید بڑھا دیا ہے۔ تاہم، ان کے کردار اور گانے کی کہانی سے متعلق زیادہ معلومات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں۔ وہیں، فلم کا ’آیا شیر‘ گانا یوٹیوب پر 200 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس کے ہک اسٹیپ کا خوب چرچا ہے۔
ایس ایل وی سنیماز کے بینر تلے بنی ’دی پیراڈائز‘ 24 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم میں نانی مرکزی کردار میں ہیں اور اسے ہندی، تیلگو، تمل، انگریزی، ہسپانوی (اسپینش)، بنگالی، کنڑ اور ملیالم سمیت آٹھ زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کے وسیع عالمی پیمانے کو دیکھتے ہوئے فلم سازوں کی جانب سے ہالی ووڈ اداکار ریان رینالڈز سے بھی بین الاقوامی مارکیٹوں میں فلم کو پیش کرنے کے لیے رابطہ کیے جانے کی خبر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن