
نئی دہلی، 28 اگست (ہ س)۔ ویمنس دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) میں ٹیم کی پہلی جیت کے بعد سنٹرل دہلی کوئنز کی بلے باز مونیکا نے کہا کہ اب ان کا ہدف اس رفتار کو برقرار رکھنا اور بقیہ دو میچ جیت کر پلے آف میں جگہ بنانا ہے۔
سنٹرل دہلی کوئینز نے جمعرات کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نارتھ دہلی اسٹرائیکرس کو تین رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی اپنی پہلی جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم نے مسلسل تین شکستوں کا سلسلہ بھی توڑ دیا۔ مونیکا نے 42 گیندوں پر 47 رن کی اہم اننگز کھیل کر سنٹرل دہلی کی جانب سے سب سے زیادہ رن بنائے۔
انہوں نے کہا کہ تین ہار کے بعد اپنی پہلی جیت حاصل کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ ہمیں صرف اس رفتار کو برقرار رکھنے اور اپنے آخری دو میچ جیتنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
اپنیبلے بازی کے حوالے سے مونیکا نے کہا کہ ٹیم کے سامنے کوئی خاص حکمت عملی نہیں تھی، بلکہ ان کا بنیادی مقصد وکٹوں کے مسلسل گرنے کے درمیان مثبت رہنا اور ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ” کوئی خاص حکمت عملی نہیں تھی، ہم صرف زیادہ سے زیادہ رن بنانا چاہتے تھے۔ وکٹیں وقفے وقفے سے گر رہی تھیں اور دباو¿ تھا، اس لیے ہماری بنیادی توجہ مثبت رہنے اور ٹیم میں کردار ادا کرنے پر تھی۔
مقامی ڈی ڈی سی اے لیگ میں مسلسل چار سنچریاں بنانے والی مونیکا نے مسلسل میچ کھیلنے سے حاصل ہونے والے تجربے کی قدر پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیت اور ہار دونوں ہی ٹیم کو بہت کچھ سکھاتی ہیں۔
انہوں نے کہا،”مسلسل میچ کھیلنا آپ کو بہت کچھ سکھاتا ہے۔ ہم ہر میچ سے سیکھتے ہیں، جس میں وہ میچ بھی شامل ہیں، جس میں ہم ہارتے ہیں۔ یہ تجربات ہمیں اپنی غلطیوں کو سمجھنے اور ایک ٹیم کے طور پر بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔“
مونیکا نے کہا کہ ٹیم اپنے باقی دونوں میچوں میں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ ”ہم دونوں میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے اور امید ہے کہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کریں گے۔“
سنٹرل دہلی کوئنز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 125 رن بنائے۔ دیکشا شرما اور ندھی مہتو نے پہلی وکٹ کے لیے 27 رن جوڑے۔ اس کے بعد آروشی گوئل اور مونیکا نے 44 رن کی شراکت داری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ آروشی نے 26 گیندوں پر 22 رن بنائے جبکہ مونیکا 47 رن کے ساتھ ٹیم کی ٹاپ اسکورر رہیں۔ نارتھ دہلی کے لیے اپیکشا آنند نے چار اوور میں 17 رن دے کر چار وکٹ لیے۔
نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے126 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سست شروعات کی اور ٹیم 13 اوور میں 2 وکٹ پر 65 رن تک ہی پہنچ سکی۔ آیوش سونی نے 40 گیندوں پر 51 رن بنا کر ٹیم کی امیدوں کو زندہ رکھا۔
نارتھ دہلی کو آخری تین گیندوں پر جیت کے لیے چھ رن درکار تھے۔ آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا کھانے کے باوجود دیکشا شرما نے شاندار واپسی کی اور بقیہ گیندوں پر ضروری رن نہیں بننے دیئے۔ اس طرح سنٹرل دہلی نے تین رن سے سنسنی خیز جیت درج کی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد