
نئی دہلی، 28 اگست (ہ س)۔
وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ملک کے عوام کو رکشا بندھن اور عالمی یومِ سنسکرت کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر اس حوالے سے الگ الگ دو پیغامات شیئر کیے، جن میں ایک رکشا بندھن اور دوسرا عالمی یومِ سنسکرت سے متعلق تھا۔
رکشا بندھن کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مقدس تہوار تمام لوگوں کی زندگی میں خوشحالی، ترقی اور کامیابی لے کر آئے۔ انہوں نے دعا کی کہ محبت، اپنائیت اور باہمی اعتماد کا رشتہ ہمیشہ مضبوط اور اٹوٹ رہے۔
وزیراعظم نے رکشا بندھن سے متعلق ایک سنسکرت شلوک بھی شیئر کیا،جس میں بھگوان شری کرشن یودھشٹر کو رکشا سوتر کی اہمیت اور اس کے اثرات کے بارے میں بتاتے ہیں۔شلوک کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رکشا سوتر فتح، خوشی، اولاد، اچھی صحت اور دولت عطا کرنے والا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی یومِ سنسکرت کے موقع پر سنسکرت زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شراون پورنیما کے موقع پر سنسکرت کی لازوال عظمت اور اس کی قدیم علمی روایت کا جشن منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنسکرت ہندوستان کے علم، فکر اور تخلیقی صلاحیتوں کی ایک مسلسل اور اہم زبان رہی ہے۔ اس زبان کے مثبت اثرات آج بھی مختلف شعبوں میں دیکھے جاسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے ہندوستان اور دنیا بھر میں سنسکرت پڑھنے اور پڑھانے والے افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ سنسکرت میں موجود لازوال علمی خزانے کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے لیے قابلِ قدر کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے عالمی یومِ سنسکرت کے موقع پر سنسکرت زبان کے فروغ اور اس کے قدیم علمی ورثے کو محفوظ رکھنے میں مصروف تمام افراد کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan