
مشرقی سنگھ بھوم، 27 اگست (ہ س)۔
شہر کے ساکچی تھانہ علاقے میں پولیس اہلکار بن کر دھوکہ دہی کرنے کا معاملہ جمعرات کو سامنے آیا ہے۔ رام لیلا میدان واقع سواستک موہنی ٹاور کی رہائشی میتری مجومدار سے دو نامعلوم نوجوانوں نے خود کو سادہ لباس میں پولیس اہلکار ظاہر کرکے تقریباً 7.5 لاکھ روپے مالیت کی 50 گرام وزنی سونے کی چوڑی ٹھگ لی۔
یہ واقعہ 26 اگست کی دوپہر تقریباً 12:30 بجے کا بتایا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون نے ساکچی تھانے میں تحریری شکایت دے کر ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شکایت کے مطابق میتری مجومدار اپنے گھر سے ہنومان مندر اور بازار کی جانب جا رہی تھیں۔ رام لیلا میدان کے قریب ایک نامعلوم شخص نے انہیں روک کر بتایا کہ پیچھے کوئی انہیں بلا رہا ہے۔ جب خاتون پیچھے پہنچیں تو وہاں دو نوجوان موجود تھے۔ دونوں نے خود کو سادہ لباس میں پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے علاقے میں بڑھتی ہوئی چھینا جھپٹی کی وارداتوں کا حوالہ دیا اور خاتون کو سونے کی چوڑی اتار کر بیگ میں محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا۔
خاتون نے ان کی بات پر یقین کرتے ہوئے اپنے ہاتھ سے سونے کی چوڑی اتار دی۔ اس کے بعد دونوں نوجوانوں نے چوڑی کو کاغذ میں لپیٹ کر محفوظ رکھنے کی بات کہی۔ خاتون کے پاس کاغذ نہ ہونے پر ملزمان نے خود کاغذ نکالا اور چوڑی کو اس میں لپیٹنے کا ڈرامہ کیا۔ اسی دوران انہوں نے اصلی سونے کی چوڑی غائب کرکے اس کی جگہ نقلی چوڑی کاغذ میں لپیٹ کر خاتون کے بیگ میں رکھ دی۔
بازار سے خریداری کرنے کے بعد جب میتری مجومدار گھر پہنچیں اور بیگ کھول کر سامان دیکھا تو ان کے ہوش اڑ گئے۔ کاغذ میں سونے کی چوڑی کے بجائے نقلی چوڑی موجود تھی۔ اس کے بعد انہیں دھوکہ دہی کا علم ہوا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق چوڑی کا وزن تقریباً 50 گرام تھا اور اس کی قیمت تقریباً 7.5 لاکھ روپے ہے۔
ساکچی تھانہ انچارج گوپال کرشن یادو نے جمعرات کو بتایا کہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس جائے وقوع کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالنے کے ساتھ ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ