
بازار کی کمزوری سے سرمایہ کاروں کو 82 ہزار کروڑ کا نقصان ہوانئی دہلی، 26 اگست (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں کشیدگی مزید بڑھنے کے اندیشے کے سبب گھریلو شیئر بازار آج ابتدائی کاروبار میں برتری حاصل کرنے کے باوجود گراوٹ کا شکار ہو گیا۔ امریکہ نے ایران کے خلاف معاشی سختی کرنے اور ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک کے خلاف کارروائی کی وارننگ دی ہے، جس سے عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات پڑنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اسی سبب ہندوستانی شیئر بازار آج مضبوط شروعات کے باوجود اپنی ساری برتری گنوا کر سرخ نشان میں پہنچ گیا۔آج کے کاروبار کی شروعات مضبوطی کے ساتھ ہوئی تھی۔ ابتدائی آدھے گھنٹے کے کاروبار میں خریداروں نے خریداری کا زور بھی بنایا، لیکن اس کے بعد فروخت کے دباو کے سبب سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس گرتے چلے گئے۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.24 فیصد اور نفٹی 0.52 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوئے۔بی ایس ای کا سینسیکس آج 236.01 پوائنٹس یعنی 0.30 فیصد کی تیزی کے ساتھ 77,892.10 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس کی وجہ سے یہ انڈیکس پہلے آدھے گھنٹے میں ہی 330.75 پوائنٹس یعنی 0.43 فیصد بڑھ کر 77,986.84 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔اس کے بعد بازار میں فروخت کا دباو بن گیا، جس کے نتیجے میں اس انڈیکس نے ساری برتری گنوا کر سرخ نشان میں غوطہ لگا دیا۔ شیئروں کی مسلسل فروخت کے سبب سینسیکس دن کی اوپری سطح سے 513.90 پوائنٹس گر کر 183.15 پوائنٹس یعنی 0.24 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 77,472.94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 7.40 پوائنٹس یعنی 0.03 فیصد کی معمولی تیزی کے ساتھ 24,341.95 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس سے یہ انڈیکس 44.05 پوائنٹس یعنی 0.18 فیصد کی تیزی کے ساتھ 24,378.60 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔تاہم، نفٹی کی یہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ پہلے آدھے گھنٹے کے کاروبار کے بعد ہی فروخت کنندگان پوری طرح سے بازار پر حاوی ہو گئے اور چوطرفہ فروخت شروع کر دی۔ فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس گرتا چلا گیا۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد نفٹی دن کی اوپری سطح سے 170.85 پوائنٹس گر کر 126.80 پوائنٹس یعنی 0.52 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24,207.75 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔آج دن بھر کے کاروبار کے دوران میٹل اور پرائیویٹ بینک سیکٹر کے شیئروں کی مسلسل خریداری ہوتی رہی۔ اسی طرح پی ایس یو بینک اور ہیلتھ کیئر انڈیکس بھی مضبوطی کے ساتھ بند ہوئے۔ دوسری جانب، آئی ٹی اور انفراسٹرکچر سیکٹر کے شیئروں کی آج مسلسل فروخت جاری رہی۔ ان کے علاوہ آٹوموبائل، کیپیٹل گڈز، کنزیومر ڈیوریبلس، ایف ایم سی جی، آئل اینڈ گیس، پبلک سیکٹر انٹرپرائز اور رئیلٹی انڈیکس بھی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔براڈر مارکیٹ میں آج ملا جلا کاروبار رہا۔ مڈ کیپ اسٹاکس میں آج فروخت کا دباو بنا رہا، جس کے سبب نفٹی کا مڈ کیپ انڈیکس 0.10 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوا۔ دوسری طرف، سمال کیپ اسٹاکس کی آج مسلسل خریداری ہوتی رہی، جس کی بدولت نفٹی کا اسمال کیپ انڈیکس 0.81 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہا۔آج شیئر بازار میں آئی کمزوری کے سبب شیئر بازار کے سرمایہ کاروں کے اثاثوں میں 80 ہزار کروڑ روپے سے بھی زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ بی ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن آج کے کاروبار کے بعد گھٹ کر 493.82 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گیا۔ گزشتہ کاروباری دن یعنی منگل کو ان کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 494.64 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کو آج کے کاروبار سے تقریباً 82 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو گیا۔آج دن بھر کے کاروبار کے دوران بی ایس ای میں 4,540 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہوئی۔ ان میں 2,375 شیئر اضافے کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ 1,944 شیئروں میں گراوٹ کا رجحان رہا، وہیں 221 شیئر بغیر کسی اتار چڑھاو کے بند ہوئے۔ اسی طرح این ایس ای میں آج 3,127 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہوئی۔ ان میں سے 1,736 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں اور 1,391 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 13 شیئر اضافے کے ساتھ اور 17 شیئر گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 14 شیئر سبز نشان میں اور 36 شیئر سرخ نشان میں بند ہوئے۔آج دن بھر ہوئی خرید و فروخت کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے کوٹک مہندرا 3.76 فیصد، ایکسس بینک 1.62 فیصد، جے ایس ڈبلیو اسٹیل 1.57 فیصد، الٹرا ٹیک سیمنٹ 1.53 فیصد اور ایچ ڈی ایف سی لائف 1.15 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 گینرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔ دوسری جانب، بھارتی ایئرٹیل 2.31 فیصد، پاور گرڈ کارپوریشن 2.14 فیصد، انفوسس 2.10 فیصد، لارسن اینڈ ٹوبرو 1.96 فیصد اور نیسلے 1.86 فیصد کی کمزوری کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 لوزرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن