
نئی دہلی، 26 اگست (ہ س)۔ کیٹیگری ون اور کیٹیگری ٹو کے انڈیا فوکسڈ فنڈز کے لیے انویسٹمنٹ مینیجر اور بھارت میں کمپنیوں کو سرمایہ فراہم کرنے والے آف شور فنڈز کے لیے ایڈوائزر کے طور پر کام کرنے والی کمپنی گاجاآلٹرنیٹو ایسیٹ مینجمنٹ کے شیئرز نے آج اسٹاک مارکیٹ میں مضبوط آغاز کرتے ہوئے اپنے آئی پی او سرمایہ کاروں کو خوش کر دیا۔
آئی پی اوکے تحت کمپنی کے شیئرز 160 روپے کی قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای پر اس کی لسٹنگ 15.75 فیصد پریمیم کے ساتھ 185.20 روپے اور این ایس ای پر 15.63 فیصد پریمیم کے ساتھ 185 روپے کی سطح پر ہوئی۔
لسٹنگ کے بعد خریداری کے رجحان کے باعث یہ شیئر کچھ ہی دیر میں بڑھ کر 191.65 روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم بعد میں منافع وصولی شروع ہونے کے باعث یہ 165.50 روپے کی سطح تک گر بھی گیا۔ پورے دن کی تجارت کے اختتام پر یہ شیئر 168.70 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ اس طرح پہلے دن منافع وصولی کے باوجود کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کار فی شیئر 8.70 روپے، یعنی 5.44 فیصد کے فائدے میں رہے۔
اس کمپنی کا 1,553 کروڑ روپے کا آئی پی او 19 سے 21 اگست کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھلا تھا۔ اس آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے شاندار ردعمل ملا، جس کے باعث یہ مجموعی طور پر 32.98 گنا سبسکرائب ہوا۔ کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ 45.87 گنا سبسکرائب ہوا۔ اسی طرح نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے میں 65.63 گنا سبسکرپشن آیا، جبکہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 11.61 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی اوکے تحت 5 روپے کی فیس ویلیو والے کل 3,43,75,000 شیئرز جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں تقریباً 450 کروڑ روپے مالیت کے 2,81,25,000 نئے شیئرز جاری کیے گئے، جبکہ تقریباً 100 کروڑ روپے مالیت کے 62,50,000 شیئرز آفر فار سیل (او ایف ایس) ونڈو کے ذریعے فروخت کیے گئے۔ آئی پی او میں نئے شیئرز کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کمپنی موجودہ اور نئے فنڈز میں سرمایہ کاری، برج لون کی رقم کم کرنے، آئی پی او سے متعلق اخراجات کی ادائیگی اور عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔
گاجا آلٹرنیٹو ایسیٹ مینجمنٹ کی مالی حالت کی بات کریں تو کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (ڈی آر ایچ پی) میں کیے گئے دعوے کے مطابق کمپنی کی مالی صحت مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 44.74 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 61.95 کروڑ روپے اور گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں مزید بڑھ کر 81.96 کروڑ روپے ہو گیا۔
اس دوران کمپنی کی آمدنی میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ مالی سال 2023تا2024 میں اسے 103.96 کروڑ روپے کی مجموعی آمدنی حاصل ہوئی، جو مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 123.31 کروڑ روپے ہو گئی۔ گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کو 157.80 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
اس دوران کمپنی کے قرض میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ مالی سال 2023تا2024 کے اختتام پر کمپنی پر 3.51 کروڑ روپے کا قرض تھا، جو مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 4 کروڑ روپے اور مالی سال2025تا2026 میں زبردست اضافے کے ساتھ 41.56 کروڑ روپے ہو گیا۔
اس دوران کمپنی کی نیٹ ورتھ میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ مالی سال2023تا2024 میں یہ 331.88 کروڑ روپے تھی، جو 2024تا2025 میں بڑھ کر 388.97 کروڑ روپے ہو گئی۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کی نیٹ ورتھ زبردست اضافے کے ساتھ 606.52 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی