
جبل پور میں ورک فرام ہوم کے نام پر 37 لاکھ کی سائبر دھوکہ دہی
جبل پور، 26 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں آن لائن ٹھگی کا بڑا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آدھارتال علاقے کے جاگرتی نگر امکھیرا ساکن 29 سالہ وکرانت ساہو سے دھوکہ بازوں نے ورک فرام ہوم اور گھر بیٹھے کمائی کا جھانسہ دے کر 37 لاکھ روپے سے زائد کی دھوکہ دہی کر لی۔ ٹھگوں نے ٹیلی گرام اور ایک ایپ کے ذریعے ہوٹل ریٹنگ کا کام دینے کا بھروسہ دلایا تھا۔ متاثرہ کی شکایت پر آدھارتال پولیس نے بدھ کو دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق، وکرانت کو ٹیلی گرام پر ’ادیتی ریانش‘ نام سے ایک پیغام ملا تھا۔ اس میں ’سیکریٹ ایسکیپس‘ کے ذریعے ہوٹلوں کو ریٹنگ دینے کے عوض منافع کمانے کا لالچ دیا گیا۔ شروعات میں دھوکہ بازوں نے اعتماد جیتنے کے لیے ریٹنگ کے بدلے وکرانت کو 1,024 روپے کی ادائیگی کی۔ اس کے بعد ٹھگوں نے 10 ہزار روپے جمع کرانے پر 17,546 روپے اور 20,960 روپے کی سرمایہ کاری پر 42,573 روپے لوٹائے۔ ابتدائی رقم ملنے کے بعد وکرانت کو دھوکہ بازوں پر بھروسہ ہو گیا اور وہ مسلسل زیادہ رقم لگاتا چلا گیا۔
پولیس کی جانچ میں سامنے آیا کہ 11 سے 15 جنوری 2025 کے درمیان وکرانت نے این ای ایف ٹی، آر ٹی جی ایس اور فون پے کے ذریعے کئی قسطوں میں رقم منتقل کی۔ اس نے اپنے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ملونی گنج برانچ واقع اکاونٹ کے علاوہ اہلیہ کے سینٹرل بینک آف انڈیا اکاؤنٹ سے بھی رقم بھیجی۔
اس کے علاوہ ساتھی شبھم وشوکرما سے اور واقف کار انکیتا گپتا کے انڈین بینک اکاونٹ سے رقم دھوکہ بازوں کو ٹرانسفر کرائی گئی۔ وکرانت نے مدن محل اور آئی سی آئی سی آئی بینک کی شاخوں میں پہنچ کر بھی خطیر رقم نقد جمع کی۔ دھوکہ بازوں کی رقم کی مانگ اس کے بعد بھی جاری رہی۔ الزام ہے کہ مارچ 2026 تک مختلف بینک کھاتوں اور فون پے کے ذریعے قسطوں میں مسلسل رقم جمع کرائی جاتی رہی۔ جعلسازوں نے متاثرہ سے کل 37,61,566 روپے لے لیے، لیکن اس کے عوض صرف 61,143 روپے واپس کیے۔
ٹھگی کا احساس ہونے کے بعد متاثرہ نے 25 اگست کی رات آدھارتال تھانے پہنچ کر شکایت درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مشتبہ ٹیلی گرام اکاؤنٹ، بینک کھاتوں اور ٹرانزیکشن کی معلومات اکٹھا کرنی شروع کر دی ہے۔ پولیس اب نامعلوم ملزمان کی شناخت اور ان کی گرفتاری کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن