
جواو فونسیکا پیٹ کی چوٹ کے باعث امریکی اوپن سے باہر
نیویارک، 25 اگست (ہ س)۔ برازیل کے نوجوان ٹینس کھلاڑی جواو فونسیکا پیٹ کی چوٹ کے باعث امریکی اوپن 2026 سے باہر ہو گئے ہیں۔ دنیا کے 26ویں نمبر کے کھلاڑی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس کی اطلاع دی۔ 20 سالہ فونسیکا رواں سال شاندار کارکردگی کے بعد امریکی اوپن میں خطاب کے دعویداروں میں شامل تھے۔ انہوں نے فرنچ اوپن میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل تک کا سفر طے کیا تھا، جہاں انہوں نے دنیا کے سابق نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ کو بھی شکست دی تھی۔
فونسیکا نے کہا کہ پیٹ کی چوٹ کے سلسلے میں طبی معائنے اور علاج کے آغاز کے بعد انہیں اور ان کی ٹیم کو لگا کہ مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے انہیں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اوپن ان کے لیے انتہائی خاص ٹورنامنٹ ہے اور اس سے دستبردار ہونے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔
فونسیکا نے مزید کہا کہ وہ جلد از جلد کورٹ میں واپسی کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے۔ فونسیکا امریکی اوپن سے دستبردار ہونے والے نمایاں مرد کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل جینک سنر، ہولگر رونے اور جیک ڈریپر بھی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے اپنے نام واپس لے چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن