
نوح، 25 اگست (ہ س)۔ دواوں، ڈاکٹروں اور بنیادی صحت کی سہولیات کے فقدان پر منگل کو راجہ شاہد حسن خان میواتی گورنمنٹ میڈیکل کالج نوح میںمقامی ایم ایل اے آفتاب احمد کی قیادت میں ایک دن کا علامتی دھرنا دیا گیا۔ سینکڑوں لوگ دھرنے پر آئے اور میڈیکل کالج میں صحت خدمات کے فقدان پر آواز بلند کی۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے آفتاب احمد نے کہا کہ نوح کا میڈیکل کالج علاقے کے لوگوں کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے بنایا گیا تھا، لیکن موجودہ صورتحال میں یہ محض 'ریفرل کالج' بن گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مریضوں کو یہاں مطلوبہ سہولیات نہیں مل پا رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں علاج کے لیے دوسرے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔آفتاب احمد نے کہا کہ میڈیکل کالج میں بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر الٹراساو¿نڈ اور ایکس رے جیسی ضروری تشخیصی سہولیات کی کمی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرنے چاہئیں۔ایم ایل اے نے کہا کہ میڈیکل کالج انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ اور حکومت کو سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جا رہا ہے۔ اگر میڈیکل کالج میں مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ ڈاکٹر، ادویات اور تشخیصی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تو ایک ماہ بعد دوبارہ بڑا دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگلا دھرنا غیر معینہ مدت کے لیے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی