
کولمبو، 24 اگست (ہ س)۔ ہندوستانی وکٹ کیپر اور بلے باز دھرو جوریل نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پیر کو شاندار سنچری بنانے کا جشن اپنے بائسپس پر بنے ’جے جوان، جے کسان‘ ٹیٹو کو دکھا کر منایا۔ انہوں نے 171 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
’جے جوان، جے کسان‘ کا نعرہ ہندوستان کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے 1965 میں دیا تھا۔ اس وقت ملک کے سامنے ایک طرف ہندوستان-پاکستان جنگ کا چیلنج تھا، تو دوسری طرف غذائی اجناس کی قلت تھی۔ شاستری نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک جلسہ عام کے دوران ’جے جوان، جے کسان‘ کا نعرہ دیا تھا۔
اس نعرے کے ذریعے انہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے ساتھ کسانوں کو غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی ترغیب دی تھی۔ آج یہ نعرہ ہندوستانی تاریخ اور شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔
جوریل کے والد نیم چند ہندوستانی فوج میں حوالدار رہ چکے ہیں اور انہوں نے 1999 کی کارگل جنگ میں حصہ لیا تھا۔ بعد میں انہوں نے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ جوریل اس سے قبل بھی اپنے والد کے اعزاز میں بلے بازی کی کامیابیوں کا جشن فوجی سلامی کے انداز میں منا چکے ہیں۔
جوریل نے 2024 میں انگلینڈ کے خلاف اپنی نصف سنچری کے بعد سلامی دینے کے بارے میں کہا تھا کہ یہ ان کے کارگل جنگ میں شامل رہنے والے والد کے لیے تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے والد نے ان سے کم از کم ایک بار سلامی دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
جوریل سری لنکا میں ساتویں یا اس سے نچلے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ٹیسٹ سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ کامیابی ہاردک پانڈیا نے 2017 میں حاصل کی تھی۔
کولمبو میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
مڈل آرڈر کے بلے بازوں نے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔ دیودت پڈیکل نے بھی سنچری بنائی، جبکہ رشبھ پنت اور رویندر جڈیجا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جوریل 296 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بلے بازی کے لیے میدان میں اترے اور ناٹ آؤٹ 115 رنز بنا کر واپس لوٹے۔ ہندوستان نے نو وکٹوں پر 503 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد