
ممبئی، 24 اگست (ہ س)۔ اداکار کارتک آرین کے مداح اس وقت تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے جب ان کی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی خبر سامنے آئی۔ بتایا گیا تھا کہ ہدایت کار کبیر خان کی فلم کے ایک ایکشن سیکوئنس کی شوٹنگ کے دوران کارتک کے گھٹنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اب اداکار کی سرجری ہوچکی ہے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرکے اپنی صحت کے بارے میں معلومات دی ہیں۔ ان کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد مداحوں نے راحت کی سانس لی۔
کارتک نے انسٹاگرام پر کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں وہ سرجری کے بعد اسپتال میں آرام کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ایک تصویر میں ان کی ٹانگ پر نی بریس لگا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جبکہ دوسری تصویر میں مزاحیہ انداز میں لکھا ہے، ’’ٹانگ کام سے باہر‘‘۔ ایک اور تصویر میں ان کے بائیں ہاتھ میں آئی وی کینولا لگی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکار فی الحال صحت یابی کے مرحلے میں ہیں۔
چوٹ کے باوجود کارتک کا مزاحیہ انداز برقرار ہے۔ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، ’’کبیر سر نے کہا تھا کہ ٹانگ توڑ دو۔‘‘ اداکار کے اس دلچسپ کیپشن سے ان کے خوش مزاجی کی جھلک بھی ملتی ہے۔کارتک گزشتہ کچھ عرصے سے کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اسپورٹس ڈرامہ فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اسی دوران ایک ایکشن منظر کی عکس بندی کرتے ہوئے انہیں چوٹ لگ گئی۔ فی الحال انہوں نے شوٹنگ سے وقفہ لیا ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں آرام کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan