
ڈھاکہ، 24 اگست(ہ س)۔ بنگلہ دیش میں ہندوستان کے ہائی کمشنر دنیش تریویدی نے پیر کے روز دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنسکے تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاست اپنی رفتار سے آگے بڑھتی رہے گی لیکن عوام کے مفادات اور اقتصادی تعاون کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق وزیر تجارت کھنڈکر عبدالمقتدر سے ملاقات کے بعد سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تریویدی نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانا چاہیے۔ یہ دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کریں اور ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات کا مستقبل روشن ہے۔بنگلہ دیش کو ایک آزاد، خودمختار اور متحرک ملک قرار دیتے ہوئے ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑے چھوٹے تعلقات نہیں ہونے چاہئیں۔ کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں ہوتا۔ ہم سب برابر ہیں اور ہمیں اس بنیاد پر کام کرنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان امن اور خوشحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تریویدی نے کہا کہ اگر امن کو یقینی بنایا جائے تو خوشحالی کی راہ بھی کھل جاتی ہے۔ ہندوستانی ایلچی نے کہا کہ عام لوگوں کی ضروریات بہت بنیادی ہیں۔ وہ بہتر زندگی، بنیادی سہولیات اور سب سے بڑھ کر امن چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے قائدین اور پالیسی سازوں کو فیصلے کرتے وقت عام لوگوں، خاص طور پر غریب ترین لوگوں پر ان کے اثرات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے تریویدی نے کہا کہ کسی بھی پالیسی یا فیصلے کا اندازہ معاشرے کے سب سے کمزور لوگوں پر اس کے اثرات کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔تریویدی نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں بھی دونوں ممالک کے تاجر مختلف منصوبوں پر مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں نجی شعبے کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی