
نئی دہلی، 24 اگست (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے لکھنؤ زونل آفس نے پیر کی صبح مظفر نگر، غازی آباد اور ہریانہ کے فرید آباد میں نو مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نیو رانا ہاؤس (مظفر نگر) اور سدھا اسٹیل (غازی آباد) سے 1.1 کروڑ روپے سے زیادہ نقد رقم برآمد کی۔ اس کے علاوہ ایجنسی نے اس چھاپہ ماری کے دوران کئی ڈیجیٹل آلات، دستاویزات اور رجسٹروں کو بھی ضبط کیا۔
ای ڈی نے بتایا کہ یہ کارروائی جمبودویپ ایکسپورٹس اینڈ امپورٹس لمیٹڈ سے وابستہ فرضی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) معاملے میں کی گئی۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ کمپنی نے فرضی انوائسز اور ای-وے بلز کے ذریعے سامان کی حقیقی نقل و حرکت کے بغیر آئی ٹی سی تیار کرنے اور منتقل کرنے کا کام کیا۔ اس میں بڑے پیمانے پر سرکولر لین دین، رقوم کی تیزی سے لیئرنگ اور نقد رقم کی نکاسی شامل رہی۔
جی ایس ٹی حکام نے 9.63 کروڑ روپے کا فرضی آئی ٹی سی حاصل کرنے اور 10.28 کروڑ روپے کا آئی ٹی سی منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے، جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔ ای ڈی کی تلاشی کا مقصد جرم سے حاصل شدہ رقم کا سراغ لگانا، دیگر مستفیدین کی شناخت کرنا اور نیٹ ورک سے وابستہ شواہد جمع کرنا تھا۔
برآمد شدہ نقد رقم اور ضبط کیے گئے ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر مستفیدین تک پہنچنے کے لیے دستاویزات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد