
نئی دہلی، 20 اگست (ہ س):۔
ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کا بی ڈبلیو ایف عالمی چیمپئن شپ 2026 میں سفر جمعرات کو پری کوارٹر فائنل میں چین کی تیسری سیڈ وانگ ژی یی کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ختم ہوگیا۔ سندھو کو تین گیمز تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں 21-11، 15-21، 21-17 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی چیمپئن شپ میں کسی چینی کھلاڑی کے خلاف یہ سندھو کی پہلی شکست ہے۔ اس سے قبل انہوں نے عالمی چیمپئن شپ میں چینی کھلاڑیوں کے خلاف مسلسل آٹھ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
وانگ نے پہلے گیم میں ہی ابتدا سے غلبہ برقرار رکھا۔ 7-7 کی برابری کے بعد چینی کھلاڑی نے مسلسل برتری حاصل کرنا شروع کردی اور سندھو کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔
وانگ نے پہلا گیم 21-11 سے جیت کر مقابلے میں برتری حاصل کرلی۔
دوسرے گیم میں سندھو نے شاندار واپسی کی۔ وقفے کے بعد انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ابتدائی برتری حاصل کی اور نیٹ پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔ اگرچہ درمیان میں وانگ نے واپسی کی کوشش کی، لیکن سندھو نے اہم مواقع پر پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 21-15 سے گیم جیت لیا اور مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔
فیصلہ کن گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ سندھو اور وانگ مسلسل ایک دوسرے کی برتری کو چیلنج کرتی رہیں۔ اس دوران وانگ کو پٹھوں میں کھنچاو¿ کی پریشانی سے بھی دوچار دیکھا گیا۔
مقابلہ 18-17 کے انتہائی قریبی اسکور تک پہنچا، جہاں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 54 شاٹس کی طویل اور سنسنی خیز ریلی ہوئی۔ اس ریلی کے بعد سندھو اس جھٹکے سے سنبھل نہ سکیں اور وانگ نے مسلسل اہم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن گیم 21-17 سے جیت لیا۔
وانگ ژی یی اب کوارٹر فائنل میں ڈنمارک کی لائن کرسٹوفرسن سے مقابلہ کریں گی۔ کرسٹوفرسن نے پری کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی چھٹی سیڈ پوتری کوسوما وردانی کو شکست دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ