لداخ کی نمائندہ تنظیموں نے وزارت داخلہ سے میٹنگ سے قبل چیف سکریٹری کو میمورنڈم پیش کیا
لداخ, 20 اگست (ہ س): لداخ کے حقوق کے لیے لڑنے والی تنظیمیں لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے ستمبر میں وزارت داخلہ کے ساتھ ہونے والے مجوزہ اجلاس سے قبل اپنے ناقابلِ مذاکرات مطالبات پر مشتمل یادداشت لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کندرا کو پیش
لداخ کی نمائندہ تنظیموں نے وزارت داخلہ سے میٹنگ سے قبل چیف سکریٹری کو میمورنڈم پیش کیا


لداخ, 20 اگست (ہ س): لداخ کے حقوق کے لیے لڑنے والی تنظیمیں لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے ستمبر میں وزارت داخلہ کے ساتھ ہونے والے مجوزہ اجلاس سے قبل اپنے ناقابلِ مذاکرات مطالبات پر مشتمل یادداشت لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کندرا کو پیش کردی۔تنظیموں کے نمائندوں نے بدھ کے روز چیف سکریٹری سے ملاقات کے بعد بتایا کہ وزارت داخلہ کی سطح پر ستمبر میں نئی دہلی میں باضابطہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں لداخ کے سیاسی و انتظامی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ کے ڈی اے کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی نے کہا کہ میمورنڈم میں مرکز کے زیر انتظام علاقہ کی سطح پر مجوزہ قانون سازی اور انتظامی ڈھانچے، مالی اختیارات اور لداخ کے عوام کے لیے حفاظتی اقدامات سمیت کئی اہم مطالبات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری نے یقین دلایا ہے کہ ان مطالبات اور مجوزہ عبوری اقدامات کو وزارت داخلہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔انہوں نے مئی میں ہونے والے گزشتہ اجلاس کے طے شدہ نکات پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کسی قسم کا انحراف نہیں ہونا چاہیے۔کربلائی نے گزشتہ سال 24 ستمبر کو لہیہ میں احتجاج کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے مناسب معاوضے اور 80 سے زائد افراد کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے 24 ستمبر کو لداخ کی تاریخ کا ،یوم سیاہ‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے مسودہ منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد ایل اے بی اور کے ڈی اے اپنے قانونی و آئینی ماہرین سے مشاورت کرکے اس کا جائزہ لیں گے اور ضروری ترامیم تجویز کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معاملے میں مزید تاخیر سے عوامی بے چینی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایل اے بی کے چیئرمین تشرنگ دورجے نے مذاکراتی طریقہ کار میں دیگر افراد کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ تنظیموں کو بیرونی افراد کی بطور مبصر شرکت پر اعتراض نہیں، تاہم انہیں مذاکرات میں حصہ لینے یا حکومتی مؤقف پیش کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ’شہداء ماہ‘ کی تقریبات جاری رہیں گی، جس کے تحت ہفتہ وار پروگرام منعقد کیے جائیں گے جبکہ 24 ستمبر کو خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande