
جموں, 20 اگست (ہ س). جموں و کشمیر کے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے مینڈھر حلقے کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت دیہی سڑک رابطے کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔
سول سکریٹریٹ جموں میں مینڈھر حلقے میں جاری سڑک منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رانا نے متعلقہ افسران کو جاری کاموں کی کڑی نگرانی اور انہیں مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے زیرِ تکمیل منصوبوں اور ٹینڈرنگ کے عمل کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ رانا نے کہا کہ پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں کے باعث مینڈھر میں مضبوط سڑک رابطہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے دور دراز آبادیوں کو تعلیم، صحت، بازاروں اور دیگر بنیادی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوتی ہے۔
حالیہ بارشوں، سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے متاثرہ سڑکوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے اہل قرار دی گئی سڑکوں کو پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت شامل کرنے کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی، تاکہ بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کرکے سڑک رابطہ جلد بحال کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر تال میل قائم کرنے اور تمام ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ رانا نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں سڑک رابطے کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط دیہی بنیادی ڈھانچہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور سماجی و اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر