بھارت اور جاپان نے بحری سلامتی کے تعاون کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا
راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی کا استقبال کیا نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کیے۔ دونوں
بھارت اور جاپان نے بحری سلامتی کے تعاون کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا


راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی کا استقبال کیا

نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کیے۔ دونوں ممالک نے ’جاپان-انڈیا اسپیشل اسٹریٹیجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ‘ کے تحت دفاعی تعاون کو مسلسل مضبوط بنانے کا خیرمقدم کیا۔ دونوں وزرا نے آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے قیام کے لیے اپنی قیادت میں دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دو طرفہ مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان دونوں ممالک کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال کے جائزے کا باہمی تبادلہ ضروری ہے۔ دونوں نے نیویگیشن اور فضائی حدود سے گزرنے کی آزادی و سلامتی میں رکاوٹ ڈالنے والی کسی بھی یکطرفہ کارروائی کے ساتھ ساتھ طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کی۔

دونوں وزرا نے بحری سلامتی کے تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور جاپان اور بھارت کی وزارتِ دفاع کے درمیان بحری سلامتی کے تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ یہ مفاہمتی یادداشت بحری سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گی۔

دونوں وزرا نے اسٹریٹجک اور آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے والے ٹھوس بحری سلامتی تعاون کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی تکنیکی مہارت اور بھارت کی پیداواری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بحری جہازوں کی تیاری اور ڈیزائن کے شعبے میں مشترکہ ترقی کے امکانات تلاش کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کو دفاعی جہازوں کی تیاری اور اس سے متعلقہ شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

دونوں وزرا نے مستقبل قریب میں جہازوں کی مرمت کے انتظامات مکمل کرنے سمیت ایک دوسرے کو جہازوں کی مرمت کی سہولت فراہم کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں وزرا نے جاپان اور بھارت کے درمیان ہونے والی دو طرفہ فوجی مشقوں کے مسلسل دائر کار میں اضافے کا خیرمقدم کیا، جن میں جاپان-بھارت فوجی مشق ’دھرم گارجین‘ اور جاپان-بھارت بحری مشق ’جائمیکس‘ شامل ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس سال دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان ہونے والی ’ویئر گارجین‘ مشق کے لیے تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ اس مشق میں جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے لڑاکا طیارے پہلی بار بھارت آئیں گے۔

دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے مقصد سے اپنی اپنی اسپیشل آپریشنز فورسز کے درمیان تبادلے میں اضافے اور بھارت میں انٹیگریٹڈ تھیٹر کمانڈز کے قیام کے بعد ان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

راج ناتھ سنگھ نے دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق جاپان کے فریم ورک کے حالیہ جائزے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ جاپان انڈو پیسیفک خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے لیے مزید اپنا کردار ادا کرے گا۔

دونوں وزرا نے جاپان، بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان پہلی سہ فریقی بحری مشق کا بھی خیرمقدم کیا، جو رواں سال فروری میں منعقد ہوئی تھی۔ انڈو پیسیفک خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کردار ادا کرنے کے مقصد سے دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی تبادلوں، فوجی مشقوں اور دیگر ضروری کوششوں کے ذریعے تیسرے ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande