
چمولی، 19 اگست (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں ہاٹ سیاسین، مایا پور (پیپل کوٹی) میں وشنو گڑھ-پیپل کوٹی پن بجلی منصوبے کی زیر تعمیر سرنگ حادثے میں ایک اورزخمی مزدورکی بدھ کی صبح علاج کے دوران موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ جاں بحق مزدور کی شناخت روہت کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے کے بعد وہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) رشی کیش میں زیر علاج تھے۔
بدھ کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ حادثہ 13 اگست کو زیر تعمیر سرنگ میں پانی اور ملبہ آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے کے بعد سرنگ میں پھنسے کارکنوں کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، آئی ٹی بی پی، آرمی اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ حادثے کے بعد بہت سے کارکنوں کو بحفاظت نکال کر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران اب تک مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اتراکھنڈ کے چمولی ضلع کے پیپل کوٹی کے مایا پور میں ٹی ایچ ڈی سی کے وشنو گڑھ-پیپل کوٹی پن بجلی منصوبے کی زیر تعمیر سرنگ میں 13 اگست کو پیش آنے والے حادثے کے بعد تقریبا 117 گھنٹے تک جاری رہنے والی تلاشی اور بچاو¿ کی کارروائی منگل کو مکمل ہوئی۔ سرنگ میں پانی کے رساو اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی مزدور اندر پھنس گئے تھے۔ حادثے میں 11 کارکنوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 12 کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ روہت، جو بچائے گئے کارکنوں میں شامل تھے، بدھ کی صبح ایمس رشی کیش میں علاج کے دوران انتقال کر گئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی