
جموں, 19 اگست (ہ س): ریلوے کی وزارت نے جموں ریلوے ڈویژن کے تحت کٹرا بانہال کے درمیان 111 کلومیٹر طویل نئے براڈ گیج ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔اس سے قبل شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سیکشن پر ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 85 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ سنگلدان بانہال سیکشن پر 75 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر تھی۔جموں ریلوے ڈویژن کے پبلک ریلیشنز انسپکٹر کے مطابق رفتار میں اضافے کا فیصلہ ریلوے کی جانب سے تمام مقررہ حفاظتی شرائط کی تکمیل اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے بعد لیا گیا ہے۔
جموں ریلوے ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر نے کہا کہ ٹرینوں کی رفتار میں اضافے سے سفر کا وقت کم ہونے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ مسافروں کو تیز رفتار، محفوظ اور زیادہ آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں سیاحت، تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ کٹرا سے بانہال کے درمیان سفر کا وقت کم ہونے سے مسافروں کو مزید تیز اور محفوظ ریل سفری سہولت حاصل ہوگی۔ریلوے حکام نے کہا کہ بھارتی ریلوے مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر