
ریاسی سڑک حادثے میں تین افراد جاں بحق
جموں، 19 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں منگل کی دیر رات ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثہ پناسہ گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں تھانول سے تھوب گاؤں کی طرف جانے والی ایک ایس یو وی موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے میں پریم سنگھ ان کی اہلیہ توری دیوی اور ساس درگی دیوی جاں بحق ہوگئیں۔ امدادی کارکنوں نے گاڑی کے ملبے سے تینوں کی لاشیں نکالیں۔حکام نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دو دیگر افراد کھائی میں گاڑی گرنے سے قبل چھلانگ لگا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم وہ زخمی ہوئے۔ دونوں زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
ادھر راجوری ضلع کے خواص علاقے کے گنڈھا گاؤں میں بھی منگل کی رات ایک الگ سڑک حادثے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ ایک کیب سڑک سے پھسل کر کنارے واقع کھیتوں میں جا گری۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر