
چنئی، 19 اگست (ہ س): تمل ناڈو اسمبلی میں بدھ کو مطالباتِ زر پر بحث کے تیسرے دن وزیر اعلیٰ وجے نے ارکان اسمبلی اور عام لوگوں سے متعلق کئی اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں کے دورے اور عوامی خدمت کے لیے حکومت کی جانب سے گاڑی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ دودھ کی خریداری قیمت میں اضافہ، چنئی کے پیرمبور میں سپر اسپیشلٹی اسپتال قائم کرنے، وزیر اعلیٰ طبی بیمہ کی رقم بڑھانے اور ریاست میں سات نئے نرسنگ کالج کھولنے کا بھی اعلان کیا۔
اسمبلی میں ضابطہ 110 کے تحت اعلانات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے اہم ستون کے طور پر ارکان اسمبلی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں پہلی بار منتخب ہونے والے پہلی نسل کے ارکان اسمبلی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ معاشی طور پر مضبوط نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمت انجام دینے والے ایسے ارکان کو اپنے حلقوں میں کام کاج آسانی سے چلانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ارکان اسمبلی کو سرکاری گاڑی فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنی مدد کے لیے ایک معاون مقرر کرسکیں گے۔ معاون کی تقرری کے لیے 25 ہزار روپے ماہانہ کی رقم فراہم کی جائے گی۔ وہیں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی گاڑی کے لیے ڈرائیور مقرر کیا جائے گا۔ گاڑی کے ایندھن اور دیکھ بھال کے لیے 75 ہزار روپے ماہانہ گاڑی بھتہ دیا جائے گا۔
یہ اعلان گزشتہ ہفتے وِدوتھلائی چروتھائیگل کچی کے رکن اسمبلی جیوتی منی کی اس مانگ کے بعد کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں کا دورہ کرنے کے لیے سرکاری گاڑی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے ایک اور اعلان میں کہا کہ ریاست کی تقریباً 8,800 کوآپریٹو سوسائٹیوں سے وابستہ 3.16 لاکھ دودھ پیدا کرنے والوں سے روزانہ تقریباً 34 لاکھ لیٹر دودھ خریدا جا رہا ہے۔ فی الحال روزانہ تقریباً 31 لاکھ لیٹر دودھ آوِن کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ پیدا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے دودھ کی خریداری قیمت 38 روپے سے بڑھا کر 41 روپے فی لیٹر کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے چنئی کے پیرمبور میں تقریباً 300 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے عالمی معیار کا کثیر المقاصد سپر اسپیشلٹی اسپتال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اسپتال میں 400 بستروں کی سہولت ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی ریاست میں سات نئے نرسنگ کالج قائم کیے جائیں گے۔ ان کالجوں میں بی ایس سی نرسنگ کی کل 620 نئی نشستیں پیدا کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ طبی بیمہ اسکیم کے تحت دستیاب بیمہ رقم کو پانچ لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد