
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔
مرکزی وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن بدھ کو وزارتی سطح کے ایک وفد کے ہمراہ سنگاپور کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئیں۔ وہ چوتھے بھارت-سنگاپور وزارتی سطح کے گول میز اجلاس(آئی ایس ایم آر) میں شرکت کریں گی، جو 19 اور 20 اگست کو منعقد ہوگا۔
وزارت خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ نرملا سیتارمن وزارتی سطح کے وفد کی قیادت کر رہی ہیں۔ اس دو روزہ اجلاس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت جتن پرساد بھی شرکت کریں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 2022 میں شروع کیا گیا بھارت-سنگاپور وزارتی سطح کا گول میز اجلاس دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی اقتصادی تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔اس اجلاس کے ذریعے دونوں ممالک جدید مینوفیکچرنگ، رابطہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن، صحت و طبی خدمات، ہنرمندی کی ترقی اور پائیداری سمیت چھ اہم شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرتے ہیں۔وزارت نے کہا کہ چوتھا آئی ایس ایم آر اجلاس ان شعبوں میں اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ بھارت اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے نئے مواقع پر بھی غور کرے گا۔اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan