

نئی دہلی ،19اگست (ہ س )۔
ہندوستان نے ایک بار پھر فلسطین کے ساتھ اپنی قدیم دوستی اور شراکت داری کااعادہ کرتے ہوئے اپنی حمایت اور انسانی بنیادوں پر امداد کیلئے قدم بڑھایا ہے ۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کی سکریٹری شری پریہ رنگاناتھن نے ریاستِ فلسطین کے وزیرِ اعظم ڈاکٹر محمد مصطفیٰ سے آج ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران بھارت اور فلسطین کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کا محور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔واضح رہے کہ رنگناتھن وزارت خارجہ میں قونصلر، پاسپورٹ اور ویزا اور سمندر پار ہندوستانی امور کی سکریٹری ہیں ،وہ 16 سے 21 اگست تک مصر، فلسطین اور لبنان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ میں دونوں ممالک کے رہنماوں کی میٹنگ کی معلومات کا اشتراک کیا گیا ہے۔جس میں بھارت–فلسطین دوستی اور شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات کے دوران صحت کے شعبوں میں متعدد اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے ۔اس موقع پر سکریٹری پریہ رنگاناتھن نے فلسطین کے وزیرِ صحت ڈاکٹر ماجد ابو رمضان سے ملاقات کی اور فلسطینی شعبہ صحت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھارت کی معاونت کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے فلسطینی شعبہ صحت کے لیے بھارت کی بڑھتی ہوئی معاونت کو اجاگر کیا، جس میں ضروری ادویات اور کینسر کے علاج کی ادویات کی فراہمی، مصنوعی اعضا فِٹنگ کیمپ اور غزہ میں بھارتی فیلڈ ہسپتال کی تعیناتی شامل ہے۔ملاقات کے دوران سکریٹری رنگناتھن نے حکومتِ ہند کی جانب سے ادویات کی ایک کھیپ فلسطینی وزارتِ صحت کے حوالے بھی کی، جس سے فلسطینی عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھارت کی مسلسل حمایت کا اعادہ ہوا۔200 بستروں پر مشتمل انڈین سپر اسپیشلٹی اسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا گیا، جس میں جدید طبی سہولیات اور ٹراما سینٹر شامل ہوگا۔ یہ اسپتال جنین اور اس سے ملحقہ گورنریٹس، بشمول طولکرم اور طوباس، کے عوام کو طبی خدمات فراہم کرے گا۔اس موقع پرانڈین سپر اسپیشلٹی ہسپتال منصوبے کے نفاذ کے لیے دوطرفہ مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر فلسطینی نیشنل پرنٹنگ پریس کے اندر ایک ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) مرکز قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس دوران انڈیا-فلسطین انوویشن راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد انڈیا-فلسطین ٹیکنو پارک میں کیا گیا، جس میں فلسطینی کاروباری افراد، محققین، ٹیکنالوجی کے ماہرین، نوجوانوں کے نمائندوں اور آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر کے سابق طلبہ نے شرکت کی۔ اس سے قبل منگل کو وزارت خارجہ کی سکریٹری نے فلسطینی وزیر خارجہ اور تارکین وطن وارسانے آغابیکیان شاہین سے بھی ملاقات کی تھی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ