
پٹنہ، 19 اگست (ہ س)۔ بہار میں مانسون پوری طرح سے سرگرم ہے۔ پٹنہ کے موسمیاتی مرکز نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راجدھانی پٹنہ سمیت تمام اضلاع میں درمیانی بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس دوران ریاست بھر میں درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔پٹنہ موسمیاتی مرکز نے اورنگ آباد، بھبھوا اور روہتاس کے لیے وارننگ جاری کی ہے۔ ان تینوں اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے شمال مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بجلی گرنے اور گرج چمک کی بارش کے ساتھ 30 سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی ٹرف فیروز پور، دہرادون، وارانسی، ڈہری اور جھارکھنڈ سے ہوتی ہوئی خلیج بنگال کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بہار کے مختلف حصوں میں موسم بدل گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز پٹنہ اور اس کے آس پاس کے علاقے گھنے بادلوں سے ڈھکے ہوئے تھے اور کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ پٹنہ ضلع میں دنیاوا میں 64.6 ملی میٹر، خسروپور میں 78.6 ملی میٹر، دھنروا میں 41.8 ملی میٹر، پالی گنج میں 40 ملی میٹر اور پٹنہ سٹی میں 6.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گیا ضلع میں امام گنج میں سب سے زیادہ 122.4 ملی میٹر، اتری میں 106.2 ملی میٹر،بانکے بازار میں 83.4 ملی میٹر، ڈوبھی میں 71.6 ملی میٹر، گرورو میں 49.4 ملی میٹر، اماس میں 44 ملی میٹر اور شیرگھاٹی میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan