کولکاتا میں فری اسکول اسٹریٹ کے ہوٹل میں آتشزدگی، نو افراد ہلاک
کولکاتا میں فری اسکول اسٹریٹ کے ہوٹل میں آتشزدگی، نو افراد ہلاک کولکاتا، 19 اگست (ہ س)۔ کولکاتا کے فری اسکول اسٹریٹ علاقے میں منگل کی دیر رات ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے نو افراد کی موت ہو گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ آس پاس کے کئی ہوٹل بھی اس کی
کولکاتا میں فری اسکول اسٹریٹ کے ہوٹل میں آگ لگی


کولکاتا میں فری اسکول اسٹریٹ کے ہوٹل میں آتشزدگی، نو افراد ہلاک

کولکاتا، 19 اگست (ہ س)۔ کولکاتا کے فری اسکول اسٹریٹ علاقے میں منگل کی دیر رات ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے نو افراد کی موت ہو گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ آس پاس کے کئی ہوٹل بھی اس کی زد میں آ گئے۔ دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے، جنہیں موقع سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔

مقامی لوگوں کے مطابق، رات دو بجے کے قریب ہوٹل کی تیسری منزل پر آگ لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہوٹل کے کمروں میں دھواں بھر گیا اور آگ آس پاس کے حصوں تک پھیل گئی۔ ہوٹل میں مقیم افراد میں افراتفری مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔ فائر بریگیڈ کو رات 2 بج کر 7 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ نیو مارکیٹ تھانے کی پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ہوٹل تنگ گلی میں واقع ہونے کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو زیادہ اندر تک لے جانا ممکن نہیں تھا۔ ایسے میں فائر فائٹرز نے ابتدا میں باہر سے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں وہ ہوٹل کے اندر داخل ہوئے اور بڑے پیمانے پر بچاو مہم چلائی۔ فائر بریگیڈ کے ابتدائی اندازے کے مطابق، آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ سکتی ہے۔ تاہم، آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ تفصیلی جانچ کے بعد ہی چل سکے گا۔ جائے حادثہ پر فارینسک ماہرین کی ٹیم بھی تفتیش کے لیے پہنچے گی۔

اس حادثے نے پیر کی علی الصبح بیربھوم کے تارا پیٹھ میں پیش آنے والے ہوٹل آتشزدگی سانحے کی یاد تازہ کر دی۔ اس حادثے میں بھی نو افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد ہوٹل کے مالک پربیر پال اور اس کے بیٹے کلیان آشیش پال کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ کولکاتا کے واقعے نے تقریباً ایک سال قبل وسطی کولکاتا کے مچوا پھل پٹی علاقے میں ہوئے ہوٹل آتشزدگی کے واقعے کی یاد بھی تازہ کر دی ہے۔ اس حادثے میں 14 افراد کی موت ہوئی تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande