ای ڈی کا جوہر ٹرسٹ-یونیورسٹی معاملے میں رام پور، سہارنپور، دہلی میں 10 مقامات پر چھاپہ
ای ڈی کا جوہر ٹرسٹ-یونیورسٹی معاملے میں رام پور، سہارنپور، دہلی میں 10 مقامات پر چھاپہ نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اتر پردیش کے رام پور کے مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق منی لانڈرنگ معا
ای ڈی کی کارروائی کے دوران جوہر یونیورسٹی کے باہر موجود سیکورٹی فورسز۔


ای ڈی کا جوہر ٹرسٹ-یونیورسٹی معاملے میں رام پور، سہارنپور، دہلی میں 10 مقامات پر چھاپہ

نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اتر پردیش کے رام پور کے مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں بدھ کے روز اتر پردیش اور دہلی میں 10 ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ ای ڈی کے لکھنو زونل دفتر نے پروینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے)، 2002 کی دفعہ 17 کے تحت رام پور، سہارنپور اور دہلی میں یہ کارروائی کی۔

ای ڈی کی یہ تفتیش سرکاری ٹھیکوں کی رقم کو مبینہ طور پر نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے ڈائیورٹ کیے جانے اور بعد میں اس رقم کو ٹرسٹ نیز یونیورسٹی سے وابستہ اثاثوں اور تعمیراتی کاموں میں استعمال کیے جانے سے متعلق ہے۔ ای ڈی کے مطابق، تفتیش میں کچھ نجی ٹھیکیداروں اور جوہر ٹرسٹ کے درمیان مالی لین دین کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

جانچ ایجنسی کو یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ اس میں مبینہ طور پر خطیر رقم کے عطیات اور تعمیراتی کاموں سے وابستہ ادائیگیاں شامل ہیں۔ ایجنسی ان لین دین کے ذرائع، رقم کی منتقلی اور حتمی استعمال کی جانچ کر رہی ہے۔

ای ڈی کی ٹیمیں مالیاتی ریکارڈ، دستاویزات، بینکنگ لین دین اور ڈیجیٹل شواہد جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ ای ڈی کے مطابق، رام پور میں واقع مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ، جوہر نگر اور محمد علی جوہر یونیورسٹی، جوہر نگر کو کارروائی کے دائرے میں رکھا گیا۔ اس کے علاوہ رام پور میں میسرز اے اینڈ ایس انٹرپرائزز، شوکت علی روڈ، الٰہی مسجد کے سامنے، تھانہ سول لائنز کے علاقے میں بھی تلاشی لی گئی۔

رام پور میں ہی میسرز سی کے ایسوسی ایٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، جوالا پیلس، پیپل ٹولہ میں واقع احاطے پر بھی ای ڈی نے کارروائی کی۔ کمپنی کے ڈائریکٹر پون کمار جین کی گنگا پور آواس وکاس، سول لائنز، رام پور میں واقع رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ رام پور کے جیل روڈ، باغ چھوٹا کے علاقے میں واقع شاہین خان کے احاطے کے ریکارڈز کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔

سہارنپور میں سی اے دیپک گپتا کے سلوا مارکیٹ، فائر اسٹیشن کے سامنے، انبالہ روڈ پر واقع دفتر اور گرین پارک کالونی، دہلی روڈ پر واقع رہائش گاہ پر تلاشی لی گئی۔ دہلی میں میسرز جوہر ایسوسی ایٹس سے وابستہ سید خالد کے جسولا، جامعہ نگر میں واقع احاطے کو بھی کارروائی کے دائرے میں لایا گیا۔ ای ڈی نے کہا کہ ایجنسی کا مقصد مبینہ جرم کے ذریعے حاصل کی گئی رقم کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ یہ ثابت کرنا ہے کہ سرکاری ٹھیکوں کی رقم کس ذریعے سے نجی اداروں تک پہنچی اور وہاں سے ٹرسٹ یا یونیورسٹی کی سرگرمیوں نیز اثاثوں میں اس کا مبینہ استعمال کیسے ہوا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande